نیمر نے ہیٹ ٹرک کی : میسی کے 400 کیرئیر گولس مکمل

اسپانش فٹبال لیگ
میڈریڈ 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اسپانش فٹبال لا لیگا میں بارسیلونا نے گرینیڈا کے خلاف 6 – 0 سے کامیابی درج کروائی جس میں نیمر نے شاندار ہیٹ ٹرک اسکور کی جبکہ اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے بھی گول اسکور کیا اور وہ اپنے کیرئیر میں 400 گول کا نشانہ عبور کر گئے ہیں۔ لا لیگا کے ایک اور میچ میں چمپئن اٹلیٹیکو میڈریڈ نے سیویلے کے خلاف 4 – 0 سے کامیابی حاصل کی ۔ اٹلیٹیکو میڈریڈ کی ٹیم پوائنٹس کے اعتبار سے بارسیلونا کے بعد دوسرے نمبر پر پہونچ گئی ہے ۔ اس دوران کرسٹیانو رونالڈو نے بھی گول اسکور کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ ان کی ٹیم رئیل میریڈ نے ولا رئیل کے خلاف 2 – 0 سے کامیابی حاصل کی ۔ بارسیلونا نے مسلسل ساتویں میچ میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ نیمر اور لیونل میسی نے شاندار کارکردگی دکھائی اور اسکورنگ کا آعاز کیا ۔ نیمر کی ہیٹ ٹرک اسکور کی اور ان کے گولس میں بھی میسی کی بہترین پاسنگ کا دخل رہا ۔ بارسیلونا کی ٹیم نے 26 ویں منٹ میں نیمر کے گول کے ذریعہ آغاز کیا تھا جبکہ کچھ ہی دیر بعد میسی کی بہترین پاسنگ کے نتیجہ میں نیمر نے دوسرا گول کیا ۔ ہاف ٹائم کے وقت بارسیلونا نے 3 – 0 سے سبقت حاصل کرلی تھی ۔ ہاف ٹائم کے بعد بھی بارسیلونا کا غلبہ رہا ۔ میسی نے ایک اور مرتبہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور الویس کے ایک اچھے پاس کو ہیڈر کے ذریعہ گول میں تبدیل کردیا ۔ اس کے بعد بھی میسی نے نیمر کو ایک اور بہترین پاس دیا جس کو انہوں نے گول میں تبدیل کردیا ۔ اس طرح جہاں نیمر نے آج کے میچ میں ہیٹ ٹرک کی وہیں میسی نے اپنے کیرئیر کے 400 گولس پورے کرلئے ۔

بارسیلونا کے مینیجر لوئی انرک نے میچ کے بعد کہا کہ لیونل میسی میں کوئی جادو ہے اور وہ فٹبال کھیلنے سے بہت لطف اندوز ہوتے ہیں۔ رئیل میڈریڈ نے اپنے میچ میں ولا رئیل کے خلاف کامیابی حاصل کی ۔ اس ٹیم نے 2 – 0 سے کامیابی حاصل کی جس میں کرسٹیانو رونالڈو کا ایک گول بھی شامل ہے ۔ اس طرح جاریہ سیزن میں کرسٹیانو اب تک 13 میچس میں نو گول کرچکے ہیں۔ رئیل میڈریڈ کے مالک کارلو انسیلوٹی نے کہا کہ ہم نے ایک مشکل میچ جیتا ہے اور ہم نے اچھا مقابلہ کرتے ہوئے یہ کامیابی حاصل کی ہے ۔ ایک اور میچ میں چمپئن اٹلیٹیکو میڈریڈ نے سیویلے کے خلاف 4 – 0 سے کامیابی حاصل کی ۔ میسی نے کیرئیر کے 400 گولس کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کیا ہے ۔