نیمر تیزی سے روبہ صحت

تیرس پولس 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کا جمعہ کو کوارٹر فائنل میں کولمبیا سے مقابلہ مقرر ہے اور میزبان ٹیم کے لئے خوشخبری ہے کہ اِس کے اہم کھلاڑی نیمر گھٹنے اور ران کے زخم سے تیزی سے صحت یاب ہورہے ہیں۔ ڈاکٹروں کے بموجب نیمر جوکہ تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں اور اِن کی جمعہ کو کھیلے جانے والے مقابلہ میں شرکت کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔ بارسیلونا سے تعلق رکھنے والے نیمر گزشتہ ہفتہ راؤنڈ16 کے مقابلہ کے دوران چلّی کے خلاف زخمی ہوئے تھے۔ تاہم انھوں نے معمول کی ٹریننگ شروع کردی ہے۔ ٹیم کے ڈاکٹر جوس لیوس رونکو نے میڈیا نمائندوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ نیمر کو بائیں ران اور سیدھے گھٹنے میں تکلیف ہے لیکن وہ تیزی سے صحتیاب ہوکر ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ پریکٹس میں مشغول ہیں۔ نیمر کو گزشتہ روز ریوڈی جنیرو کے کلب فلومنسیس کے نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے خلاف دوستانہ مقابلہ کے دوران کافی قریب سے دیکھا گیا جہاں ٹیم نے 2-0 کی کامیابی حاصل کرنے کے علاوہ نیمر کی تیزی سے صحتیابی میزبان ٹیم کیلئے خوش آئند ہے۔