نیمرنے میسی اور رونالڈوکو پیچھے چھوڑدیا

ریوڈ ی جنیرو۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) برازیلی کھلاڑیوں نے پہلے ہی اپنے ہر قدم پر نظر رکھنے والے ملک کے عوام پر اپنے نشان چھوڑ دئے ہیں۔ برازیل کی موجودہ ٹیم کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ دنیائے فٹبال میں اس ٹیم کے کھلاڑیوں کے اجسام پر سب سے زیادہ ٹیٹو بنے ہوئے ہیں۔یہ رجحان ٹیم کے حامیوں میں بھی مقبول ہو رہا ہے۔ ٹیٹو بنانے والے فنکاروں کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے دوران دانی ایلوس ، مارسیلو اور نیمر سمیت دیگر کھلاڑیوں کی طرح کے ٹیٹو بنوانے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے لیکن نوجوان اسٹار نیمر ملک بھر میں مقبول ترین کھلاڑی ہیں۔ ان کی ہر ادا فیشن بن گئی، ہر طرف نیمر مانیا چھایا ہوا ہے۔ مداح نہ صرف جسم پر ان کی تقلید میں ان جیسے ٹیٹو بنوارہے ہیں بلکہ کئی لوگوں نے تو اپنے جسم کے مختلف حصوں پر نیمر کی شبیہہ اور ان کانام کندہ کرا رکھا ہے

اب تو من چلے ان کا ہیئر اسٹائل بھی اپنا رہے ہیں۔مقبولیت کے اعتبار سے رونالڈو اور میسی پیچھے رہ گئے ہیں۔ ریوڈی جنیرو میں جہاں دنیا بھر سے پہنچنے والے فٹ بال فینز کی تعداد نسبتاً زیادہ ہے، ہیئر ڈریسرز کی لاٹری نکلی ہوئی ہے، وہ دن رات مصروف ہیں کیونکہ فٹ بال پرستاروں کے پاس بھی زیادہ وقت نہیں، وہ آتے ہیں حجامت کراتے ہیں اور منہ مانگے دام دیتے ہیں۔ ان میں بھی نیمر اسٹائل بہت مقبول ہے۔ ریو میں ہی ایک 22 سالہ نوجوان نے اس کام میں بے پناہ مہارت حاصل کرلی ہے، وہ گاہکوں کے بالوں پر نیمر اور دیگر فٹبالر کے چہرے تراش سکتا ہے، ورلڈکپ ٹرافی اور میسکوٹ ’’فلیکو‘‘ بھی صفائی کے ساتھ بناسکتا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ میں پہلے گاہکوں کے بالوں پر باریکی سے مارکر کی مدد سے شبیہہ بناتا ہوں اور پھر استرے سے اسے تراش دیتا ہوں۔ وہ کہتے ہیں کہ لوگ میسی اور رونالڈو جیسے بال بھی بنواتے ہیں لیکن نیمر مقبولیت میں سب سے آگے ہیں۔