نیمرنے ریکارڈ معاہدہ کے بعد بارسلونا چھوڑ دیا

بارسلونا ۔3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )مشہور ہسپانوی کلب بارسلونا کو بڑا دھکا لگا ہے اور عالمی شہرت یافتہ برازیلین اسٹار نیمر جونیئر نے بارسلونا کو چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔نیمر 222ملین یوروز کی ریکارڈ فیس کے معاہدہ کے بعد فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بنیں گے اور انہو ں نے بارسلونا کو کلب چھوڑنے کے حوالے سے اپنے عزائم سے آگاہ کردیا ہے۔بارسلونا نے منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیمر جونیئر، ان کے والد اور ایجنٹ نے کلب آفس میں منعقدہ اجلاس میں بارسلونا فٹبال کلب کو فیصلے سے آگاہ کردیا ہے۔اس سے قبل 25 سالہ فٹبالر نے کلب کے ٹریننگ گراؤنڈ میں آکر ساتھی کھلاڑیوں کو بتایا کہ وہ پیرس جا رہے ہیں۔اکتوبر میں نیمر نے بارسلونا سے ایک نیا معاہدہ کیا تھا جس کی رو سے انہیں 2021 تک کلب کا حصہ رہنا تھا جس میں انہیں خریدنے کی فیس دگنے سے زیادہ کر دی گئی تھی جو فٹبال کی تاریخ کی سب سے بڑی فیس تھی۔نیمر جونیئر 2013 میں سینٹوس کلب چھوڑ کر بارسلونا کا حصہ بنے تھے اور اس وقت ان کی منتقلی کی فیس 57ملین یوروز تھی تاہم بعد میں انکشاف کیا گیا تھا کہ یہ تقریباً 100ملین یوروز تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے معاہدے کے تحت نیمر کو چھ سالہ معاہدے کے تحت ہر ہفتے پانچ لاکھ 50ہزار یوروز سے زائد ملیں گے۔