نیمر، میسی کے ہر گول پر بھوکے بچوں کو کھانا کھلانے کا اعلان

نیویارک۔5 جون (سیاست ڈاٹ کام ) مشہور امریکی کمپنی ماسٹر کارڈ نے اعلان کیا ہے کہ ارجنٹینا کے عظیم فٹبالر لیونل میسی اور برازیل کے سوپر اسٹار نیمر کے ہر گول پر وہ بھوکے بچوں کو کھانا کھلائیں گے۔فٹ بال کی دنیا کے دو عظیم کھلاڑی لیونل میسی اور نیمر جونیئر ہر گول اسکور کرنے پر ہزاروں بھوکے بچوں کے پیٹ بھرنے کا سبب بنیں گے۔ماسٹر کارڈ نے اعلان کیا ہے کہ اب سے 2020 تک نیمر جونیئر اور میسی جب بھی گول کریں گے تو وہ ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت ان کے ہر گول کے عوض کمپنی لاطینی امریکہ اور کریبیئن علاقوں میں 10 ہزار طالب علموں کو مفت کھانا فراہم کرے گی۔دونوں عظیم کھلاڑیوں نے اس مہم میں شرکت پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ ان بچوں کے لیے مزید اور کچھ کرنا چاہتے ہیں۔تاہم میسی اور نیمر کا اس مہم کا حصہ ہونے کے باوجود عوامی سطح پر ماسٹر کارڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور اس پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تشہیری مہم قرار دیا ہے۔ایک شخص نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ اگر ماسٹر کارڈ کے پاس اتنا ہی پیسہ ہے تو ویسے ہی دے دیں۔ بھوکے بچوں کی قسمت کا فیصلہ ارب پتی فٹبالرز پر نہ چھوڑیں۔ایک اور شخص نے لکھا کہ یہ ایک بدترین طریقہ ہے۔