نئی دہلی 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی ایک عدالت جس نے صدر کانگریس سونیا گاندھی، نائب صدر راہول گاندھی اور دیگر افراد کے سمن جاری کئے تھے، مقدمہ کی سماعت 28 اگسٹ تک ملتوی کردی۔ بی جے پی کے قائد سبرامنیم سوامی نے روزنامہ نیشنل ہیرالڈ سے متعلق ایک مقدمہ دائر کیا ہے۔ میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ گومتی منوچا نے مقدمہ کی سماعت ملتوی کردی۔ جبکہ سونیا گاندھی کے مشیر قانونی نے اُن کی اور دیگر افراد کی نمائندگی کرتے ہوئے عدالت کو اطلاع دی کہ دہلی ہائیکورٹ نے 3 اگسٹ تک فوجداری مقدمہ کی سماعت پر التواء عائد کردیا ہے۔ سینئر ایڈوکیٹ رمیش گپتا نے سونیا ، راہول اور دیگر کی پیروی کرتے ہوئے عدالت سے کہاکہ سمن ملزمین سام پتروڈا کو حوالہ نہیں کیا جاسکا کیونکہ وہ امریکہ میں مقیم ہیں۔ سبرامنیم سوامی نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ پتروڈا کے سمن اُن کے حوالے کردیئے جائیں تاکہ وہ اُنھیں پتروڈا کو حوالہ کرسکیں۔ عدالت نے سوامی کے ادعا کو سماعت کے لئے قبول کرلیا اور مقدمہ کی سماعت 28 اگسٹ تک ملتوی کردی۔