طویل سڑک پر تاریکی سے ٹریفک آمدورفت میں مشکلات
شمس آباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) شمس آباد میں انٹرنیشنل ایرپورٹ کی تعمیر کے سات سال گذرنے کے باوجود کوئی سہولت مہیا نہیں ہے۔ نیشنل ہائی وے کی توسیع کی گئی اور ایرپورٹ کے راستہ تک تمام سہولتیں مہیا کی گئی لیکن ایرپورٹ کے آگے کے راستہ پر کوئی سہولت نہیں ہے۔ خاص کر اسٹریٹ لائیٹس کی شمس آباد کے موضع اونٹ پلی تا پاٹی کول نیشنل ہائی وے پر ایک بھی اسٹریٹ لائیٹ نہیں ہے جوکہ 10 کیلومیٹر کا فاصلہ ہے۔ اسٹریٹ لائیٹس نہ ہونے کی وجہ سے سڑک حادثات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ نیشنل ہائی میں 44 قدیم نمبر 7 پر آئے دن حادثات پیش آتے ہیں۔ رات کے اوقات لاریوں، بسوں اور کاروں کی آمدورفت میں اضافہ ہوتا ہے اور گاڑیاں اتنی تیز رفتار ہوتی ہیں کہ سڑک عبور کرنے والا شخص یا ٹووہیلر پر سوار ہونے والا انہیں بالکل قریب آنے تک نظر نہیں آتا جس سے حادثات ہوتے ہیں۔ شمس آباد رورل پولیس انسپکٹر اوما مہیشور راؤ نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے پر اسٹریٹ لائیٹس کی بے حد ضرورت ہے۔ لائیٹس نہ ہونے کی وجہ سے رات کی تاریکی میں حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اسٹریٹ لائیٹس نصب کرنے کے بعد چوراہوں پر سی سی ٹی وی بھی نصب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے جس سے حادثات ہونے پر گاڑیوں کی نشاندہی آسانی سے کی جاسکتی ہے اور سڑک حادثات میں بھی کمی واقع ہوگی۔ اس سلسلے میں تلنگانہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی، ٹرانسپورٹ منسٹر مہیندر ریڈی اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی عہدیداروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرکے اسٹریٹ لائیٹس کا انتظام کریں۔