تھرواننتا پورم ۔ یکم فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) کیرالا میں جاری نیشنل گیمس میں پیراکوں کے سامنے اب صرف گولڈ میڈل جیتنے کا مقصد ہی نہیں رہے گا بلکہ وہ ورلڈ چمپئن شپ میں جگہ حاصل کرنے کی بھی کوشش کرینگے کیونکہ پیراکی کی عالمی گورننگ باڈی فینا نے ان نیشنل گیمس کو ورلڈ چمپئن شپ کیلئے کوالیفائر کے طور پر تسلیم کرلیا ہے ۔ سوئمنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر وریندر ناناوتی نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ نیشنل گیمس کو ورلڈ چمپئن شپس کیلئے کوالیفائنگ ٹورنمنٹ بھی قرار دیدیا گیا ہے ۔ فینا نے کوالیفائنگ کے بنیادی اصول پہلے ہی طئے کردئے ہیں اور جو پیراک مقررہ اوقات کے مطابق مظاہرہ کرینگے وہ ورلڈ چمپئن شپ کیلئے اہل قرار پائیں گے ۔ پیراکی کی عالمی چمپئن شپ کا روس کے شہر کازان میں 24 جولائی سے انعقاد عمل میں آنے والا ہے ۔