نیشنل گیمز : وجئے کا شوٹنگ میں گولڈن ڈبل

تھرواننتاپورم ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک سلور میڈلسٹ شوٹر وجئے کمار نے دو گولڈ میڈلس جیت کر شاندار مظاہرہ کیا جبکہ 35 ویں نیشنل گیمز میں آج یہاں تیسرے دن کے مقابلوں میں سوئمنگ پول میں نصف درجن میٹ ریکارڈس ٹوٹ گئے۔ ہریانہ کے مقابل آج مختصر وقت کیلئے ٹاپ پوزیشن کھو دینے کے بعد سرویسیس اسپورٹس کنٹرول بورڈ نے اپنی سبقت بحال کرلی جیسا کہ انہیں تاحال 25 تمغے (16 گولڈ، 2 سلور اور 7 برونز) حاصل ہوچکے ہیں جس کے بعد شمالی ہندوستانی ایتھلیٹس کا نمبر ہے جنہوں نے 24 میڈلس جیتے ہیں جن میں 15 گولڈ، 5 سلور اور 4 برونز شامل ہیں۔ مہاراشٹرا تمغوں کی تعداد میں زیادہ (30) ہونے کے باوجود 9 گولڈ کی بناء تیسرے مقام پر ہے۔ انہیں 15 سلور اور 6 برونز میڈلس حاصل ہوئے ہیں۔ وجئے جنہوں نے گذشتہ سال کے ایشین گیمس میں 3 سلور جیتا تھا، آج شاندار فام میں نظر آئے۔

جیسا کہ انہوں نے مینس 25m سنٹر فائر پسٹل کامپٹیشن میں سرویسیس کیلئے انفرادی اور ٹیم گولڈ دونوں جیت لئے۔ وجئے نے انفرادی زمرہ میں 583 اسکور کئے جس کے بعد سرویسیس نے ٹیم ایونٹ میں 1733 کے اسکور کے ساتھ اول پوزیشن پر اختتام کیا۔ ہماچل پردیش کے ویٹرن سمریش جنگ (576) اور سرویسیس کے پمباتمانگ جو سلور میڈل جیتنے والی ایشیاڈ ٹیم کا حصہ تھے، انہیں انفرادی مسابقت میں ترتیب وار سلور اور برونز میڈلس پر اکتفا کرنا پڑا۔

شوٹنگ رینج میں آج بعض غیرمتوقع کامیابیاں دیکھنے میں آئیں جہاں کیرالا نے اس کھیل میں ایلزیبتھ کوشی کے ذریعہ اپنا پہلا نیشنل گیمز گولڈ میڈل جیتا۔ کوشی نے دیگر کے بشمول سابق ورلڈ چمپیئن تیجسونی ساونت کو 50m ویمنس رائفل پرون ایونٹ میں شکست دی۔ کوشی نے 618.5 اسکور کیا جس کے بعد ہریانہ کی میناکماری (617.8) اور مغربی بنگال کی کوہیلی گنگولی (616.6) ترتیب وار دوسری اور تیسری پوزیشن پر آئیں۔ مینس 50m رائفل پرون ایونٹ میں سرویسیس کے چین سنگھ منہاس نے جوئے دیپ کرماکر (مغربی بنگال) اور سنجیو راجپوت (ہریانہ) جیسے شوٹرس کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 205.8 کے اسکور پر طلائی تمغہ جیت لیا۔ مدھیہ پردیش کے شمشیر سنگھ بھنڈاری (204.6) نے سلور جیتا جبکہ کرماکر کو 183.1 کے مایوس کن اسکور کے ساتھ برونز میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ ٹراپ اینڈ اسکیٹ شوٹنگ ایونٹس میں پنجاب کے مانوجیت سندھو نے گولڈ جیتا جبکہ اترپردیش کے انور سلطان کو سلور اور ان کے ہم ریاست انیرودھ سنگھ کو برونز میڈل ملا۔