نیشنل کانفرنس پر خوداختیاری کے استحصال کا کانگریسی الزام

بردل (جموں) 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اپنی سابق حلیف نیشنل کانفرنس پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے الزام عائد کیا کہ وہ خود اختیاری کا استحصال کررہی ہے اور کہاکہ مسلح افواج خصوصی اختیارات قانون جوابدہی سے بچنے کا بہانہ ہے۔ کانگریس قائد شام لال شرما نے ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نیشنل کانفرنس ایک بار پھر اپنی سابقہ لفاظی کا احیاء کررہی ہے تاکہ اپنی عدم کارکردگی اور ذمہ داری کی جوابدہی سے بچنے کے لئے تمام الزام مسلح افواج خصوصی اختیارات قانون پر عائد کردیا جائے تاکہ ریاستی عوام کی امنگوں کی تکمیل سے قاصر رہنے کا اسے ایک بہانہ حاصل ہوجائے۔ انھوں نے کہاکہ خود اختیاری اور خصوصی قانون غیر متعلق مسائل ہیں۔ نیشنل کانفرنس یہ مسائل اٹھاکر اپنی انتشار پسند سیاسی کو بے نقاب کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کے تینوں علاقوں کے عوام ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں انھیں کسی بھی سیاسی تماشہ کی کوئی پرواہ نہیں ہے چاہے وہ نیشنل کانفرنس کرے یا کوئی اور۔ جموں و کشمیر سے خصوصی اختیارات قانون کی تنسیخ کو مسترد کرتے ہوئے شرما نے کہاکہ صیانتی معاملات اور حقیقی صورتحال ان لوگوں کے اختیار تمیزی پر چھوڑ دیا جانا چاہئے جو صیانت اور نظم و ضبط کی برقراری کے ذمہ دار ہیں۔