رائیکل۔/24جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع پریشد ہائی اسکول اردو میڈیم رائیکل کے صدر مدرس مسعود علی اکبر کے بموجب نیشنل ووٹرس ڈے کے ضمن میں ہائی اسکول سطح پر تقریری مقابلے منعقد کئے گئے۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی جناب این وینکٹیشور تحصیلدار منڈل رائیکل تھے۔ انہوں نے اسکول کی تفصیلی جانکاری حاصل کی اور دوپہر کے کھانے کی اسکیم کی کامیاب عمل آوری اور اسکول کی عمدہ کارکردگی کی سراہنا کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ جب کریم نگر مستقر کے تحصیلدار تھے ، طلباء کے مختلف مقابلے منعقد کرواتے رہے۔ تین طلباء مسکان خانم، مسیحا تزئین، نداء تبسم کو انعامات کا حقدار قرار دیا گیا اور یہ انعامات یوم جمہوریہ کے موقع پر تحصیلدار کی جانب سے عطاء کئے جائیں گے۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں محمد حسن خاں اور خواجہ فرید الدین جاوید اساتذہ کی کاوشیں شامل ہیں۔ اساتذہ افتخار احمد خاں، محمد اطہر الدین، نزہت سلطانہ وغیرہ نے جلسہ کے انتظامات میں حصہ لیا۔ محمد حمید الدین انور نے شکریہ کے کلمات ادا کئے۔