چٹگانگ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ایک بہترین مقام کل اس وقت دستیاب ہوگا جب وہ آئی سی سی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں کسی قدر کمزور تصور کی جانے والی ٹیم نیدرلینڈس کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی مہم کو صحیح سمت گامزن کرلے۔ ٹورنمنٹ کے اپنے افتتاحی مقابلہ میں بارش سے متاثرہ مقابلہ میں انگلینڈ کے خلاف ڈک ورتھ لوئز نظام کے تحت 9 رنز کی کامیابی حاصل کرنے کے بعد آئندہ مقابلہ میں اسے جنوبی افریقہ کے خلاف دو رنز کی قریبی شکست برداشت کرنی پڑی۔ ایک مقابلہ میں کامیابی اور ایک مقابلہ میں شکست کے بعد ٹیموں کے جدول میں نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تیسرے مقام پر فائز ہے اور اس سے آگے دو مقامات پر سری لنکا اور جنوبی افریقہ موجود ہیں۔
ان حالت میں نیوزی لینڈ کی ٹیم کل نیدرلینڈس کے خلاف ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے گروپ مرحلہ کے آخری مقابلہ میں اپنے موقف کو مستحکم بنانے کی خواہاں ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم جس وقت جنوبی افریقہ کے خلاف 171 رنز کا تعاقب کررہی تھی، اسے یہ نشانہ آسانی سے حاصل کرنے کا موقع دستیاب تھا لہٰذا جنوبی افریقہ کے خلاف شکست کی خود نیوزی لینڈ ٹیم ہی قصوروار ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم یہ اچھی طرح جانتی ہیکہ نیدرلینڈس کو آسان حریف تصور نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اس نے گذشتہ مقابلہ میں جنوبی افریقہ کو کافی پریشان کرنے کے علاوہ خود کو کامیابی کے قریب کرلیا تھا۔