چٹگانگ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ 2014ء کے ایک انتہائی حیران کن شکست سے خود کو محفوظ رکھ لیا جیسا کہ اس نے کوالیفائنگ راونڈ کے ذریعہ سوپر 10 میں سنسنی خیز طریقہ سے رسائی حاصل کرنے والی کمزور ٹیم نیدرلینڈس کے خلاف دلچسپ مقابلہ کے بعد 6 رنز کی کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 146رنز کے تعاقب میں ایک موقع پر نیدرلینڈس کی ٹیم نے گیارہویں اوور میں صرف 4 وکٹوں کے نقصان پر 97 رنز اسکور کرلئے تھے اور کامیابی کیلئے اسے زیادہ گیندوں میں کم رنز بنانے تھے۔
دوسری اننگز کے درمیانی اوورس میں عمران طاہر نے بہتر بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کو ایک امکانی شکست سے محفوظ رکھا جیسا کہ نیدرلینڈس کی ٹیم 18.4 اوورس میں 139 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ دباؤ کے لمحات میں نیدرلینڈس کے ناتجربہ کار بیٹسمین آسان دکھائی دے رہی کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ نیدرلینڈس کیلئے مائی برگ نے 28 گیندوں میں 8 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 51 رنز کی اعظم ترین انفرادی اننگز کھیلی۔ ایڈم کوپر نے 13 گیندوں میں 2 چوکوں کی مدد سے دوسرا انفرادی اسکور 16 رنز کی شکل میں بنایا۔ آخری اوورس میں ڈیل اسٹین نے 19 رنزکے عوض دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے ہاشم آملہ کے 43 رنز کی بدولت 145/9 رنز اسکور کئے ۔ نیدرلینڈس کیلئے احمد جمیل نے 19 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔