نیدرلینڈس کو شکست دے کر زمبابوے مین ڈرا کی دوڑ میں

سیل ہٹ ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)زمبابوے نے گروپ بی کے کوالیفائنگ مقابلے میں نیدرلینڈس کو 5 وکٹوں سے شکست دیتے ہوئے یہاں کھیلے جارہے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے اصل ٹورنمنٹ میں رسائی کے اپنے امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 141 رنز کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم نے مشکلات پر قابو پاتے ہوئے مقررہ 20 اوورس میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز کے ذریعہ کامیابی حاصل کرلی۔

زمبابوے کے لئے ہیملٹن مساکڈزا نے 45 گیندوں میں 43 رنز بنائے جبکہ کپتان برینڈن ٹیلر (تصویر میں) نے 39 گیندوں میں 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 49 رنز اسکور کئے اور انہیں اس کامیابی دلوانے والی اننگز پر ’’مین آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔ نیدرلینڈس کیلئے پیٹرسیلر نے اپنے 2 اوورس میں 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں نیدرلینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم اس کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور ایک موقع پر ٹیم 35/4 کی نازک صورتِ حال سے پریشان تھی لیکن لوور آرڈر میں ٹام کوپر نے 58 گیندوں میں 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناقابل تسخیر 72 رنز کی اننگز کھیلی۔