دی ہیگ ۔ 11 جون ۔ (سیاست ڈاٹ کام)اولمپک کی سلور میڈلسٹ نیدرلینڈس کی ٹیم نے مرد زمرہ کے ہاکی ورلڈ کپ میں سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف اپنی جگہ پکی کرلی ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف منعقدہ مقابلے میں نیدرلینڈس 1-1 کا نتیجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی جس کی بدولت اسے گروپ بی میں 13 نشانات کے ذریعہ پہلا مقام حاصل ہوا ہے ۔ ارجنٹینا جس نے تاریخ ساز کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جیسا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے آخری مقابلے میں ارجنٹینا نے 5-1 کی کامیابی حاصل کی تھی ۔ پانچ مقابلوں میں 12 نشانات کے ذریعہ اس نے دوسرا مقام حاصل کیا ۔
اس کامیابی کا راست اثر اولمپک چمپین جرمنی پر پڑا اور وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے ۔ جمعہ کو کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چمپین آسٹریلیا کا مقابلہ ارجنٹینا سے ہوگا ۔ قبل ازیں نیدرلینڈس اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں میزبان ٹیم کو ویلنٹائن ویرگا نے آٹھویں منٹ میں گول بناتے ہوئی سبقت دلوائی تھی لیکن نیوزی لینڈ کے اسٹرائیکر سیمون چائیلڈس نے گول کرتے ہوئے حریف ٹیم کی سبقت کو ختم کیا ۔ خاتون زمرہ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ امریکہ سے ہوگا جیسا کہ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے آخری مقابلے میں 4-2 کی کامیابی حاصل کی ۔ دوسری جانب سے امریکہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسری مرتبہ سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی ہے ۔ ایک اور مقابلے میں ارجنٹینا اور اولمپک چمپین نیدرلینڈ کا سامنا ہوگا ۔