نیتن یاہو کے دور میں دو مملکتی حل ناممکن : صدر فلسطین محمود عباس

رملہ۔ 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) صدر فلسطین محمود عباس نے آج کہا کہ مشرق وسطیٰ میں دو قومی حل ناممکن ہے، خاص کر وزیراعظم نیتن یاہو کی زیرقیادت اسرائیلی حکومت کے ساتھ دو قومی حل نکلنا ناممکن ہے۔ دو قومی حل کے خلاف نیتن یاہو کے بیانات اور فلسطینی مملکت کے خلاف ان کی پالیسی شاہد ہے کہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ اگر میری بات درست ہے تو پھر اسرائیلی حکومت میں سنجیدگی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ آنے والے دنوں میں مشرق وسطیٰ کے مسائل کا سیاسی حل نکالنے کی اُمیدیں چکناچور ہوں گی۔ نیتن یاہو کی اسرائیلی انتخابات میں کامیابی کے دوسرے دن محمود عباس نے کہا کہ نیتن یاہو نے فلسطینی مملکت کے قیام کو خارج از امکان قرار دیا ہے۔ اب ان کی قیادت میں اسرائیل کیساتھ پرامن بقائے باہم کے معاہدے غیرمتوقع ہیں۔ محمود عباس نے کہا کہ فلسطینی عوام اپنے بین الاقوامی جائز مطالبات کو پورا کرنے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔