ڈارجلنگ۔23 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج کہا کہ نیتاجی سبھاش چندربوس کے پراسرار طور پر غائب ہوجانے کے متعلق حقائق منظر عام پر آنے چاہئے انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال نیتا جی کی یوم پیدائش تقریب مناتے ہیں لیکن ہمیں پتہ نہیں کہ وہ کہاں غائب ہوگئے یہ ایک سانحہ ہے۔ وہ یوم پیدائش تقریب سے خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے بعد حقائق منظر عام پر آنا چاہئے تھا لیکن بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کمیشن کی برخاستگی ایک غلطی تھی۔ نیتاجی کو ملک کے بارے میں واضح نظریہ تھا وہ آزادی سے پہلے ہی منصوبہ بندی کمیشن کے قیام کا نظریہ رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نیتاجی کے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے جدوجہد کریں گے۔