کولکتہ 28 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیتاجی سبھاش چندر بوس کے تعلق سے فائیلس کی اجرائی کے بعد مغربی بنگال حکومت نے نیتاجی سے متعلق کابینہ کے دستاویزات کو عوام کیلئے جاری کردیا ہے ۔ یہ دستاویزات 1938 سے 1947 کے درمیان تک کے ہیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جو دستاویزات ماقبل آزادی ہندوستان میں راز میں تھے آج انہیں عوام کے سامنے لانے کی ضرورت ہے اسی لئے انہیں جاری کیا جا رہا ہے ۔ بنرجی نے ایک سی ڈی بھی جاری کی جس میں401 کابینی اجلاسوں کے ان کاغذات کی اطلاعات ہیں جو مذکورہ بالا وقت کے درمیان منعقد ہوئے تھے ۔ ریاستی حکومت نے جاریہ مہینے کے اوائل میں نیتاجی سے متعلق جملہ 64 فائیلس کو جاری کیا تھا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آج جاری کردہ دستاویزات ریاستی محکمہ آرکائیوز ‘ ریاستی انفارمیشن سنٹر اور ریاستی سنٹرل لائبریری میں عوام ‘ ریسرچ اسکالرس ‘ تاریخ دانوں اور طلبا کیلئے دستیاب ہیں۔ ممتابنرجی نے بتایا کہ ان فائیلوں کو ڈیجیٹلائز کرنے کا کام 2013 میں شروع ہوا تھا ۔ فی الحال حکومت آئندہ 10 برسوں میں کابینی دستاویزات کو ڈیجیٹلائز کرنے کے تعلق سے کام کر رہی ہے ۔