اربل ( عراق ) 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) عراق کے اعلی کرد رہنما مسعود برزانی نے آج امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری کو خبردار کیا ہے کہ وہاں عسکری گروپس کی پیشرفت کے نتیجہ میں ایک نیا عراق اور ایک نئی حقیقت ابھر کر سامنے آگئی ہے ۔ اس طرح انہوں نے اشارہ دیا ہے کہ امریکہ کو عراق میں منقسم گروپس کے مابین اتحاد کو فروغ دینے کی کوششوں میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اس دوران اقوام متحدہ نے آج واضح کیا کہ جاریہ ماہ عراق میں اب تک ایک ہزار افراد ہلاک ہوگئے ہیں جن میں بیشتر عام شہری شامل ہیں۔ یہ ہلاکتیں ڈسمبر 2011 میں امریکی افواج کی دستبرداری کے بعد ایک ماہ میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔ کرد لیڈر مسعود برزانی نے بات چیت میں راست وزیر اعظم نوری المالکی کا حوالہ نہیں دیا ہے جنہیں 2006 میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے اب سب سے مشکل حالات کا سامنا ہے ۔ مسعود برزانی کا گروپ عراق کی سیاست میں بادشاہ گر کا موقف رکھتا ہے ۔ سکریٹری آف اسٹیٹ جان کیری نے آج اچانک اربل پہونچ کر مسعود برزانی سے ملاقات کی تھی ۔