نیا سال 2019ء پاکستان کے ’’سنہرے دور‘‘ کا آغاز

وزیراعظم عمران خان کا ملک سے غربت، ناخواندگی، ناانصافی اور بدعنوانی ختم کرنے کا عزم
ٹوئیٹر پر عوام کو نئے سال کی مبارکباد

اسلام آباد ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ نیا سال پاکستان میں سنہرے دور کا آغاز ہے اور یہ عزم کیا کہ موصوف ملک سے غربت، ناخواندگی، ناانصافی اور بدعنوانی کو 2019ء کے دوران ختم کرکے ہی دم لیں گے۔ عمران خان نے ٹوئیٹر پر عوام کو نئے سال کی مبارکباد دی اور اپنے نئے سال کے عزائم سے انہیں واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2019ء کے دوران یہ عزم کرچکا ہوں کہ سماج کے چار گھناؤنی خامیوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینک دوں گا بلکہ یہ کہنا مناسب ہوگا کہ ان کے خلاف جہاد شروع کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ 2019ء کا آغاز پاکستان کے سنہرے دور کا بھی آغاز ہوگا۔ یاد رہیکہ عمران خان حکومت نے پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کی ہے جسے وزیراعظم نے نئے سال کے تحفہ سے تعبیر کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 4.86 روپئے کی کمی کی گئی ہے اور اس طرح پٹرول اب 90.97 روپئے فی لیٹر فروخت کیا جارہا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4.26 روپئے کی کمی ہوئی ہے اور اب یہ 196.68 روپئے فی لیٹر دستیاب ہے۔ پاکستان میں ان دو اقسام کا ایندھن بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہیکہ عمران خان کی حکومت نے گذشتہ سال اگست میں اقتدار حاصل کیا تھا اور عزم کیا تھا کہ پاکستان کو ایک ’’نئے پاکستان‘‘ میں تبدیل کیا جائے گا لیکن عوام کو اب تک کوئی قابل ذکر راحت نہیں فراہم کی گئی۔ حکومت نے احتساب پر جو زور دیا تھا اس میں اب وہ شدت باقی نہیں رہی کیونکہ چیف جسٹس نے بھی عمران خان حکومت پر 172 افراد بشمول صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ کو جیل میں ٹھونسنے پر کڑی تنقید کی تھی۔ ان تمام کو جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کے بعد ’’نوفلائی‘‘ فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں حکومت کے پہلے 100 دنوں میں کم آمدنی والے گروپ کیلئے 50 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کے عزائم بھی اب سرد پڑ چکے ہیں اور تعمیر کا آغاز مستقبل قریب میں تو کہیں نظر نہیں آتا۔ دوسری طرف ملک کے صدر عارف علوی نے بھی نئے سال 2019ء کے موقع پر ملک اور عوام کی خوشحالی اور کامیابی کی دعا کی اور کہا کہ یہ ان کی دعا ہیکہ پاکستان ترقی کی راہ پر آگے ہی بڑھتا جائے اور غربت و بیروزگاری سے اسے مکمل طور پر نجات مل جائے۔ عمران خان نے جس طرح 2019ء کے آغاز کو پاکستان کے سنہرے دور کے آغاز سے تعبیر کیا ہے بالکل اسی طرز پر پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھی 2019ء کے سال کو ترقی کا سال قرار دیا اور کہا کہ متحد رہ کر ہی ہم ترقی اور کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے بھی ملک کی ترقی کیلئے ایک شعر پڑھ کر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور عوام سے خواہش کی کہ وہ ’’جیو اور جینے دو‘‘ پر عمل کرتے ہوئے دقیانوسی رسم و رواج کو ترک کردیں۔