نیالکل 27 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیالکل منڈل کے موضع بنگلہ مرزا پور میں حکومت تلنگانہ کی جانب سے 4.50 کروڑ روپیوں کی لاگت سے وسیع اراضی پر گورنمنٹ ہاسپٹل کی منظوری عمل میں لائی گئی۔ سرپنچ بنگلہ مرزا پور زاہدہ شیخ نے سیاست نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہاسپٹل نیالکل منڈل کے 30 مواضعات کے عوام کے لئے قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس میں 80 بیٹ ادویات اور ماہرین ڈاکٹرس اپنی خدمات انجام دیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ نیالکل منڈل میں گورنمنٹ ہاسپٹل کی سہولت نہ ہونے کے باعث غریب عوام کو مجبوراً ظہیرآباد، بیدر، حیدرآباد جانا پڑرہا تھا۔ اس ہاسپٹل کے قیام سے غریب عوام کو کافی راحت ملے گی۔ ہاسپٹل کے احاطہ میں پی یو سی ہاسپٹل کا بھی قیام عمل میں لایا جائے گا جس کا بہت جلد سنگ بنیاد ایم پی ظہیرآباد بی بی پاٹل سابق ریاستی وزیر فریدالدین مانک راؤ انچارج ٹی آر ایس پارٹی کریں گے۔ اُنھوں نے نیالکل منڈل کی ترقی فلاح و بہبود اور ہاسپٹل کی منظوری پر چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزیر ہریش راؤ سے اظہار تشکر کیا۔