نیالکل منڈل موضع ملگی میں فرقہ وارانہ کشیدگی

نیالکل۔/5نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نیالکل منڈل کے موضع ملگی میں 10محرم بعد نماز مغرب علم جلوس نکالا گیا جو مختلف مقامات سے ہوتے ہوئے الاوہ مبارک کے قریب پہنچنے پر پرتاپ ریڈی نامی شخص نے اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ شر انگیزی کرتے ہوئے علم برداران کی چادر کوکھینچ کر زمین پر گرادیا اور اس کی بے حرمتی کی جس کے بعد موضع ملگی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا۔ علم مبارک کے متولی محمد حیدر علی نے پرتاپ ریڈی کی جانب سے علم کی بے حرمتی کرنے پر برہمی ظاہر کی جس پر پرتاپ ریڈی نے اپنے چند ساتھیوں کے ہمراہ متولی محمد حیدر علی کے افراد خاندان پر حملہ کرکے انہیں شدید زخمی کردیا۔ موضع کے چند افراد نے پرتاپ ریڈی کے مکان پر پہنچ آپسی رضامندی کی کوشش کی لیکن پرتاپ ریڈی نے ناشائستہ الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھکیل دیا۔ اس پر علم مبارک کے متولی اور بیدر سے موضع ملگی محرم جلوس دیکھنے آئے ہوئے دو افراد محمد عرفات، محمد اسلم کے خلاف پرتاپ ریڈی نے حدنور پولیس اسٹیشن میں جھوٹی شکایت درج کروائی۔ مقامی مسلمانوں نے صبح پولیس اسٹیشن حدنور پہنچ کر سرکل انسپکٹر انجیلو کو تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ موضع ملگی کے مسلمانوں نے صحافیوں کو بتایا کہ پرتاپ ریڈی آئے دن اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مسلمانوں کو پریشان کررہے ہیں اور پولیس نے سیاسی دباؤ میں آکر چار بے قصور مسلمانوں کے خلاف جانبدارانہ طور پر مقدمہ درج کیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے سرکل انسپکٹر انجینلو نے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی میں ملوث افراد کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا۔