غداری قانون کی منسوخی کے بجائے اسے مزید سخت بنانے کا راجناتھ کا عزم
رو ہتاس۔ 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی ’’نیائے اسکیم‘‘ کے ذریعہ ملک سے غریبی ختم کرنے کے وعدے کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے بڑی اور عظیم سیاست جماعت کانگریس جواہر لال نہرو کے دور سے لے کر اندرا گاندھی کے دور تک اور اندرا گاندھی کے دور سے راجیو گاندھی کے دور تک ملک سے غربت کو دور کرنے کا عوام سے وعدہ کرکے اسے بے وقوف بناتی رہی ہے اور دوسری طرف نریندر مودی کی حکومت نے جو لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں، انہیں اس پستی سے کھینچ کر اوپر لانے کا عزم کیا ہے اور آئندہ چند برسوں میں ہندوستان میں خط غربت سے نیچے کوئی خاندان نہیں ہوگا۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر کراکٹ لوک سبھا نشست کے جنتا دل (یو) کے امیدوار مہابلی سنگھ اور دہری اسمبلی حلقہ کے بی جے پی امیدوار ستیہ نارائن سنگھ کے انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ ان دونوں حلقوں میں 19 مئی کو آخری مرحلے میں رائے دہی ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کانگریس کے انتخابی منشور میں غذاری کی دفعہ کی برخاستگی کے وعدے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسے مزید سخت بنادیں گے تاکہ کوئی آدمی بھی ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والی حرکتوں میں ملوث نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ 2019ء کا الیکشن 1951ء کے بعد پہلا الیکشن ہے جس کے انتخابات میں اشیائے صارفین کے داموں میں اضافہ موضوع بحث نہیں رہا۔