نئی دہلی۔/14نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مرکزی وزیر منیکا گاندھی نے آج کانگریس کی جانب سے این ڈی اے حکومت پر کی گئی تنقید کو تن آسانی سے لیتے ہوئے کہا کہ جو اہر لال نہرو کسی واحد پارٹی سے تعلق نہیں رکھتے بلکہ پورے ملک کا ان پر حق ہے۔ وہ ملک کے پہلے وزیر اعظم تھے ۔ کانگریس نے الزام لگایا تھا کہ ’ بال سوچھتا ابھیان ‘ میں ذرا سی تبدیلی کرتے ہوئے این ڈی اے حکومت سوچھ بھارت ابھیان شروع کی ہے۔ منیکا گاندھی نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔منیکا گاندھی جو وزیر بہبودی خواتین و اطفال ہیں ، نے آج یوم اطفال کے موقع پر ملک گیر بال سوچھتا ابھیان کا افتتاح کرتے ہوئے اس تنازعہ پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا کہ جواہر لال نہرو کی 125ویں یوم پیدائش تقریبات کیلئے کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو کیوں مدعو نہیں کیا۔ منیکا گاندھی نے ایک بار پھر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ نہرو جی کا تعلق پورے ملک سے ہے نہ کہ کسی مخصوص پارٹی سے لہذا وہ کانگریس کے فیصلہ پر کوئی تبصرہ کرنا نہیں چاہتیں۔ان رپورٹس پر کہ ملک میں غیر بی جے پی حکومتیں بال سوچھتا ابھیان شروع کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں، منیکا گاندھی نے کہا کہ اس ابھیان کو پارٹی پروگرام سے تعبیر نہیں کیا جانا چاہیئے۔