نئی دہلی 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کو پنڈت جواہر لال نہرو کی یوم پیدائش تقریب میں مدعو نہ کرنے پر تنقید کرتے ہوئے مرکزی وزیر برائے شہری ترقیات وینکیا نائیڈو نے کہاکہ اِس سے پارٹی اور اُس کی قیادت کی ’’تنگ نظر ذہنیت‘‘ ظاہر ہوتی ہے۔ پنڈت نہرو ملک کے اوّلین وزیراعظم تھے اور مودی موجودہ وزیراعظم ہیں، اِس لئے کانگریس کو پنڈت نہرو کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس میں مودی کو مدعو کرنا چاہئے تھا۔ جبکہ مختلف ممالک کے قائدین کو دعوت دی گئی ہے۔ کانگریس کے ذرائع نے کہاکہ بی جے پی کے یا اُس کی حلیف پارٹیوں کے کسی بھی قائد کو 17 نومبر سے شروع ہونے والی دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں مدعو نہیں کیا جانا چاہئے کیونکہ اِس کا مقصد نہرو کے ورثے اور اُن کے دنیا کے بارے میں نظریہ کو آگے بڑھانا ہے۔ دریں اثناء این سی پی قائد مجید میمن نے کہاکہ کانگریس کو اخلاقی طور پر وزیراعظم نریندر مودی کو بین الاقوامی کانفرنس میں مدعو کرنا چاہئے تھا۔ ایسا کرنا بہتر ہوتا۔ میں نہیں جانتا کہ کانگریس نے ایسا کیوں نہیں کیا۔ تاہم شاید وہ مودی مخالف ہے۔