نکہت زرین، ستیش کمار اور شیام کاکرا کی پیشقدمی

نئی دہلی ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ریاست آندھراپردیش کے ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والی باکسر نکہت زرین نے ورلڈ یوتھ باکسنگ چمپیئن شپ کے پہلے مرحلہ میں کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ ہندوستانی باکسروں نے ٹورنمنٹ کا کامیاب آغاز کیا جیسا کہ پہلے مرحلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے دیگر باکسروں میں ستیش کمار اور شام کاکرا بھی شامل ہیں۔ بلغاریہ کے مقام صوفیہ میں شروع ہوئے ورلڈ یوتھ باکسنگ چمپیئن شپ کے ابتدائی دن دو مرد اور ایک خاتون باکسر نے اپنی پیشقدمی جاری رکھتے ہوئے چین میں 16 تا 28 اگست منعقد شدنی یوتھ اولمپکس میں اپنی شرکت کے امکانات کو مستحکم کئے ہیں۔ حیدرآبادی باکسر نکہت زرین جنہوں نے گذشتہ ایڈیشن میں یہاں سلور میڈل حاصل کیا تھا

اپنے ابتدائی مقابلہ میں ترکی کی استیق نیریمن کو 3-0 سے شکست دی۔ دوسرے مرحلہ میں ان کا مقابلہ کوریا کی سوکی یانگ لی سے ہوگا جنہیں پہلے مرحلہ کے مقابلے میں بائی حاصل ہوا ہے۔ علاوہ ازیں ستیش نے اپنے حریف ہنگری کے باکسر نندر سوکا کو 3-0 سے شکست دی جبکہ دوسرے مرحلہ میں ان کا مقابلہ کیوبا کے جے ویر ایبانیس سے ہوگا۔ 49 کیلو گرام زمرہ میں شام کاکرا نے متحدہ عرب امارات کے باکسر عبداللہ المولا کو شکست دی۔ دریں اثناء ایشیائی سلور میڈلسٹ گورو سولنکی کو 52 کیلو گرام زمرہ میں، نیل کمل سنگھ کو 75 کیلو گرام زمرہ میں اس وقت دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں رسائی کا موقع ملا جب پہلے مرحلہ میں انہیں بائی حاصل ہوا ہے۔ دیگر باکسروں میں منجیت کو 69 کیلو گرام زمرہ اور منجو بامریا کو 75کیلو گرام زمرہ میں پہلے مرحلہ کا بائی ملا ہے۔