نکولس سرکوزی پر حامی کا حملہ

صدر فرانس حواس باختہ
پیرس 30 جون ( ایجنسیز ) فرانس کے صدر نکولس سرکوزی کو آج حیرت انگیز طور پر ایک رائے دہندہ نے حملہ کا نشانہ بنایا ۔ مسٹر سرکوزی جس وقت عہدیداروں کے ساتھ آگے آتے ہوئے رکاوٹوں کے پار کھڑے ہوئے حامیوں سے مصافحہ کر رہے تھے کہ ایک شخص نے آگے آکر ان کے کندھے پر ہاتھ رکھا ۔ مسٹر سرکوزی حیرت زدہ رہ گئے تھے اور جب ان کا سیکیوریٹی عملہ آگے بڑھنے میں مصروف تھا حملہ آور نے مسٹر سرکوزی کی ٹائی پکڑ کر کھینچ لی اور انہیں دھکا دے کر زمین پر گرانے کی کوشش کی ۔ مسٹر سرکوزی نیچے گرنے لگے تھے کہ وہاں موجود افراد نے انہیں تھام لیا اور ان کے سیکیوریٹی عہدیدار آگے بڑھ کر اس شخص کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئے ۔ کہا گیا ہے کہ اس حملہ کی وجہ سے سرکوزی انتہائی متفکر ہوگئے تھے اور ان کے چہرے پر ہوائیاں اڑ رہی تھیں۔ تاہم کہا گیا ہے کہ اس ساری کارروائی میں مسٹرسرکوزی کو کوئی گزند نہیں پہونچی اور وہ زخمی بھی نہیں ہوئے ۔ کہا گیا ہے کہ حملہ آور کو چار سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے ۔