نکسلائیٹس سرگرمیوں کے انکشاف پر مہاراشٹرا کی سرحد پر چوکسی

منچریال کے مختلف پولیس اسٹیشنوں کی تنقیح اور کشتی میں سوار ہوکر ڈی سی پی نے صورتحال کا جائزہ لیا
چنور۔/13 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چنور کوٹ پلی نیلو آئی جئے پور پولیس اسٹیشنوں کا منچریال ڈی سی پی رکھشیتا کرشنا مورتی نے دورہ کیا اور انہوں نے تمام حالات سے واقفیت حاصل کی، ریکارڈس کی جانچ کی۔ ڈی سی پی نے کہا کہ تمام زیر التواء فائیلس کی جلد از جلد یکسوئی کی جائے۔ پولیس ملازمین عوام کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کریں۔ انہوں نے جرائم کی شرح سے متعلق بھی سب انسپکٹرس سے تفصیلات حاصل کی۔ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر مشتبہ افراد پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ چنور منڈلس کے پبلک پوسٹ کا دورہ اور معائنہ کیا ۔ چنور سے کچھ دور مہاراشرا کی سرحد پر نکسلائیٹس کی سرگرمیوں کے انکشاف پر پولیس عہدیداروں کے ساتھ کشتی میں سوار ہوکر صورتحال کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی صورت میں پڑوسی ریاست سے شراب ، رقم اور رائے دہندگان کو لبھانے کے کسی بھی اقدام کو ناقابل برداشت قرار دیا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا۔ محترمہ رکھشیتا نے کہا کہ امن کی برقراری سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر چنور سی آئی، کوٹ پلی سی آئی، نیلو آئی، ایس آئی و دیگر موجود تھے۔