نکریکل ضلع نلگنڈہ سے قومی شاہراہ کے تعمیراتی کاموں کی منظوری

نلگنڈہ۔ 7جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع ورنگل سے رینی گنٹہ قومی شاہراہ نمبر 565 کی تعمیر کیلئے مرکزی حکومت کی جانب سے 270کروڑ روپئے منظور کرتے ہوئے تعمیری کاموں کو جی وی آر پرائیوٹ لمٹیڈ کو کنٹراکٹ پر دیا گیا ہے ۔ عہدیداروں کے بموجب ضلع نلگنڈہ کے نکریکل سے قومی شاہراہ 565 کے کاموں کا آغاز کیا گیا جو ناگرجنا ساگر تک 86 کلومیٹر کا فاصلہ ہے ۔ان کاموں کیلئے مرکزی حکومت نے اس خصوص میں 189.40 کروڑ روپئے بھی جاری کردیئے گئے ہیں ۔ قومی شاہراہ کا نکریکل سے ٹائیکل ‘ سرورام ‘ پانگل سے ہوتے ہوئے رام گری ‘ کلاک ٹاور ‘ شڑراپنی روڈ ‘ وائی ایس راج شیکھر ریڈی مجسمہ اور ایس ایل بی سے گذرے گی ۔ قومی شاہراہ کیلئے شہری علاقوں کو چھوڑ کر حصول اراضی کے کاموں کو مکمل کرلیا گیاہے ۔ قومی شاہراہ کی شہر کی گنجان آبادی سے گذرنے پر تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین و تاجرین نے شدید مخالفت کرتے ہوئے مرکزی وزیر مسٹر نتن گڈکری سے ملاقات کرتے ہوئے شہر کے باہر سے سڑک تعمیر کروانے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ۔ شہریان نلگنڈہ کی بے چینی کو دور کرنے کیلئے رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی کی قیادت میں ایک وفد مرکزی وزیر سے نمائندگی کی گئی لیکن بتایا جارہے ہے کہ حکومت قومی شاہرہ کے منصوبہ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ شہر میں ٹرافک مسائل ہونے پر قومی شاہراہ کو بائی پاس تعمیر کروانے کا تیقن دیا ۔ قومی شاہراہ 565 کا ریاست تلنگانہ کے ضلع ورنگل سے آغاز ہوگا جو پیڈوگورالا سے ہوتے ہوئے رینی گنٹہ تک تعمیر کی جارہی ہے ۔ شہری علاقوں میں گذرنے والی قومی شاہراہ کیلئے سڑک کے دونوں جانب 40‘ 40 فٹ کی اراضی حاصل کرنے کیلئے عہدیداروں نے منصوبہ جات تیار کرنے میں اور سڑک کے دونوں جانب میں اراضی کی نشاندہی بھی کرلی گئی ہے ۔ اس قومی شاہراہ کے بازو میں 10میٹر کی بی ٹی روڈ اور 1.1میٹر کی ڈریل کی تعمیر کی جائے گی ۔ قومی شاہراہ پر کنگل منڈل کے موضع ٹیلا کنٹہ گوڑم میں ٹول پلازا تعمیر کیا جائے گا ۔ تعمیری کاموں کا جنگی پیمانے پر آغاز کرنے کیلئے مرکزی حکومت نے جی وی آر کمپنی کو 189.40کروڑ روپئے جاری کئے ہیں جس میں حصول اراضی و دیگر کاموں کو انجام دیا جارہا ہے ۔ رکن پارلیمنٹ نلگنڈہ مسٹر جی سکھیندر ریڈی نے نلگنڈہ کے وفد کے ساتھ مرکزی وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے پیش کردہ تحریری یادداشت میں بتایا کہ قومی شاہراہ کا شہر میں سے گذرنے کی وجہ نلگنڈہ مستقر کے 1206 قبرستانوں کو نقصان پہنچ رہا ہے جس کی وجہ حکومت قومی شاہراہ کی منصوبوں میں تبدیلی لانے کی خواہش کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکز نے وفدکو تیقن دیا کہ شہر سے قومی شاہراہ کے گذرنے سے نلگنڈہ شہر کو اسمارٹ سٹی میں تبدیل کیا جائے گا اورحکومت نے جاریہ سال ستمبر تک حصول اراضی کے کاموں کو مکمل کرتے ہوئے تعمیری کاموں کو بھی مکمل کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ اس خصوص میں عوام اور سیاسی جماعتوں میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کیلئے ضلع نظم و نسق کی جانب سے جاریہ ماہ کُل جماعتی اجلاس اور تمام مذاہب کے رہنماؤں کے ساتھ اجلاس کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے ۔