نکاح کو آسان بنانے نوجوانوں سے خواہش

رکن اسمبلی بودھن شکیل عامر کا بیان
بودھن /5 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل عامر نے فریضہ حج ادا کرنے والے عازمین اور عالم اسلام کے تمام مسلمانوں بالخصوص حلقہ اسمبلی بودھن کے حجاج کرام اور مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے سیاست نیوز بودھن سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت کی شادی مبارک اسکیم کے آغاز کے ساتھ ہی مستحق و غریب، بے روزگار لڑکے و لڑکیاں اس اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے ایک باعزت نئی زندگی کا آغاز کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بعض غریب و بے روزگار نوجوان انھیں یک مشت پچاس ہزار روپئے نہ ملنے کی وجہ سے وہ چھوٹے موٹے سیٹھ ساہوکاروں کے شکنجے میں پھنس جاتے ہیں اور ان فینانسروں کے جال سے باہر نکلنے کی کوشش کرتے کرتے اپنی زندگی کا بڑا حصہ قرض کے بوجھ سے آزاد ہونے میں گزار دیتے ہیں۔ جناب شکیل نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مسلم بے روزگار لڑکوں اور بن بیاہی لڑکیوں کی امداد کے لئے شادی مبارک جیسی اسکیم کا آغاز کرتے ہوئے محنتی بے روزگار جوڑوں کو اپنے پیروں پر کھڑا ہوکر نئی زندگی شروع کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بعض غلط رسوم سے اجتناب کرتے ہوئے شادی کو آسان بنانے کا وقت آچکا ہے، لہذا شادی اور ولیمہ تقاریب پر اپنی حیثیت سے زیادہ خرچ کرنے کے طریقے کو فراموش کرتے ہوئے نوجوان حقیقت پسندی کا مظاہرہ کریں۔ انھوں نے شادی کو آسان بنانے کے لئے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی ہدایت پر عمل کرنے مسلم نوجوانوں سے خواہش کی۔