ورنگل میں دوبدو پروگرام سے ڈاکٹر انیس صدیقی کا خطاب
ورنگل ۔ یکم اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل بہ تعاون ادارہ سیاست و میناریٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام دوبدو ملاقات پروگرام لرنرس لینڈ ہائی اسکول روبرو کرسٹل گارڈن فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈاکٹر انیس صدیقی صدر میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل نے اپنے صدارتی خطبہ میں کہا کہ ورنگل میں پہلا دوبدو ملاقات پروگرام کے کامیاب انعقاد پر آج دوسرا دوبدو پروگرام رکھا گیا ہے جس میں سینکڑوں کی تعداد میں لڑکے اور لڑکیوں کے بائیو ڈاٹا ایک دوسرے کے سرپرستوں نے دیکھا ۔ والدین و سرپرستوں نے نہ صرف پیامات کا جائزہ لیا بلکہ آپسی مشاورت کے ساتھ معیاری و من پسند رشتوں کے انتخاب میں پہل کی ۔
اس موقع پر ڈاکٹر انیس صدیقی نے کہا کہ والدین و سرپرست اس بات کا بھی عہد کریں کہ وہ شادیوں کے سلسلہ میں لین دین سے اجتناب کی کوشش کریں اور ا پنے محبوب پیغمبر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث کو پیش نظر رکھیں کہ نکاح کو آسان بنایا جائے اور نکاح میں سادگی اختیار کی جائے تاکہ اللہ کی رحمتیں و برکتیں نازل ہوسکے۔ ورنگل میں منعقد دوبدو ملاقات پروگرام لڑکوں اور لڑکیوں کے الگ الگ رجسٹریشن کاؤنٹرس قائم کئے گئے تھے ۔ کونسلنگ کیلئے علحدہ 6 کاؤنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا تھا ۔ بعد بائیوڈاٹا کی جانچ کے سرپرستوں کو دوبدو ملاقات پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ شہ نشین پر صدر پروگرام ڈاکٹر انیس صدیقی، ایم اے کلیم قیومی، محمد سیف الدین ، پروفیسر احمد حسین خیال، اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست ورنگل ایم اے نعیم ، محمد حبیب الدین موجود تھے ۔ اس موقع پر ایم اے کلیم جنرل سکریٹری میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل نے فورم کی کارکردگی کی رپورٹ پیش کی ۔ جناب محمد سیف الدین ، ایم اے کلیم ، حبیب الدین نے سرپرستوں کی رہبری کرتے ہوئے انہیں متعلقہ کاؤنٹرس سے رجوع کرتے رہے
جبکہ شعبہ خواتین جماعت اسلامی ہند ورنگل و ہنمکنڈہ کی خاتون اراکین دوبدو ملاقات پروگرام کے تمام کاؤنٹر رجسٹریشن اور کونسلنگ کی نگرانی اور خدمات انجام دیتی رہیں، اس موقع پر جناب خالد سعید ناظم جماعت اسلامی ورنگل ، محمد سراج الدین میناریٹی انٹلکچول فورم ، محمد زبیر ، ایم ایم خان، پروفیسر صالحہ سلطانہ ، محمد ابراہیم منا بھائی ، سلیم بیگ، محمد سراج احمد سکریٹری مسلم ویلفیر سوسائٹی ، محمد ا حمد علی نائب صدر سعدیہ ویلفیر سوسائٹی ، محمد مصلح الدین نواز نائب صدر الفیضان ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر سوسائٹی ورنگل و دیگر موجود تھے ۔ پروگرام کا آغاز قاری سی شبیر احمد کی تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ جناب مسعود مرزا محشر نظامت کے فرائض انجام دیئے ۔