نکاح حلالہ کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے والی مسلم خاتون کو موت کی دھمکی کا ادعا

نئی دہلی۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اُترپردیش کے سکندرآباد کی ایک مسلم خاتون نے جس نے اس ماہ کے اوائل میں سپریم کورٹ میں ایک درخواست داخل کرتے ہوئے نکاح حلالہ کی منسوخی کی درخواست کی تھی، آج الزام عائد کیا کہ اسے اس کے شوہر سے موت کی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ فرزانہ نامی اس خاتون نے اس کی درخواست میں ادعا کیا کہ اس کے شوہر نے اسے غیرقانونی طور پر طلاق دی ہے اور اسے اور ان کی بیٹی کو کسی مدد کے بغیر چھوڑ دیا۔ فرزانہ نے یہاں میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ ’’اس دن سے جب میں نے یہ درخواست داخل کی ہے، میرے شوہر مجھ پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ میں اسے واپس لوں اور مجھے ہلاک کرنے کی بھی دھمکی دی ہے۔ انہوں نے مجھ سے یہ بھی کہا ہے کہ سپریم کورٹ جانے سے میری مدد نہیں ہوگی اور مجھے حلالہ کرنے پر مجبور کیا جائے گا‘‘۔