پیرس ، 11 مئی (سیاست ڈاٹ کام) رفائل نڈال میڈرڈ ماسٹرز میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام ہوجانے کے بعد 10 سال میں پہلی مرتبہ اے ٹی پی درجہ بندی میں ٹاپ 5 سے باہر ہوگئے ہیں۔ اسپین کے دارالحکومت میں دو مرتبہ کے ڈیفنڈنگ چمپئن نڈال کو اتوار کے فائنل میں اینڈی مرے کے خلاف کلے پر پہلی بار ناکامی ہوئی۔ یہ نڈال کی اس سال اپنے پسندیدہ میدان پر چوتھی ناکامی ہوئی، جبکہ 10 ویں فرنچ اوپن ٹائٹل کیلئے اپنی کوشش کو شروع کرنے کیلئے محض دو ہفتے باقی رہ گئے ہیں۔ 28 سالہ نڈال ریکنگس میں گھٹ کر ساتویں ہوگئی جبکہ نواک جوکویچ کو روجر فیڈرر اور اینڈی مرے سے برتر اول پوزیشن حاصل ہے، اس کا مطلب ہے کہ نڈال کو رولینڈ گیروس میں کوارٹرفائنلس سے ہی اونچی درجہ بندی کے حامل حریفوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ نڈال مئی 2005ء میں بھی درجہ بندی میں گھٹ کر ساتویں مقام پر آگئے تھے۔ وہ اس ہفتے روم میں کھیل رہے ہیں۔