پیرس۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سوئس ٹینس کنگ راجر فیڈرر عروج کا دور گذارچکے ہیں ، انہوں نے اس حقیقت کو کھلے دل سے تسلیم بھی کرلیا ہے۔ انہوں نے فرنچ اوپن خطاب جیتنے کیلئے عالمی نمبر ایک رافل نڈال کو پسندیدہ قرار دے کر اپنے سب سے بڑے حریف کے ناقدین کا منہ بند کردیا ہے۔ نڈال 8 مرتبہ یہ یہاں خطاب حاصل کرچکے ہیں لیکن ان دنوں ناقص فارم کے شکار ہیں، انہیں روم ماسٹرس کے فائنل میں عالمی نمبردو نوواک جوکووچ کے خلاف شکست ہوئی تھی اس پر ماہرین نے جوکووچ کو فرنچ اوپن کے لئے پسندیدہ قرار دیا ہے۔ تاہم فیڈرر کا خیال ہے کہ اس سال یہ اعزاز نڈال ہی جیتیں گے۔ فیڈرر نے کہا کہ نڈال ناقص فارم اور فٹنس مسائل کے شکار ہیں تین ہفتے قبل ان کے بارے میں کوئی بات وثوق سے نہیں کہی جاسکتی تھی لیکن وہ اب وہ کھیل کے اس معیار تک پہنچ چکے ہیں مجھے ان کے علاوہ کوئی اور پسندیدہ دکھائی نہیںدیتاجبکہ جوکووچ کا نمبر ان کے بعد ہی آتا ہے۔
سرینا اور وینس ولیمس فرنچ اوپن سے باہر
پیرس۔ 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپین اور عالمی نمبر ایک امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمس کو فرنچ اوپن کے چوتھے ہی دن حیران کن طور پر سیزن کے دوسرے گرانڈ سلام سے باہر ہونا پڑا ہے جیسا کہ انہیں اسپین کی گاربینی موگوروزا نے راست سیٹوں میں 6-2 ، 6-2 سے شکست دی۔ سرینا کے لئے یہ شکست اس لئے بھی کافی مایوس کن رہی کیونکہ اس سے قبل کھیلے گئے مقابلے میں ان کی بڑی بہن وینس ولیمس کو پہلے سیٹ میں کامیابی کے باوجود سلواکیہ کی اننا شیمیڈلوا کے خلاف 2-6، 6-3، 6-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔بحیثیت سرفہرست کھلاڑی سرینا ولیمس کو اپنے کریر میں پہلی مرتبہ گرانڈ سلام کے دوسرے ہفتہ میں رسائی سے قبل ہی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ ولیمس بہنوں کی یکے بعد دیگرے شکست کے بعد اب تیسرے راؤنڈ میں ان کے درمیان ایک دلچسپ مقابلے کی توقع ختم ہوچکی ہے، کیونکہ دونوں ہی بہنوں کو دوسرے ہی راؤنڈ میں شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ 2011ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ولیمس بہنوں کو ایک ہی دن شکست برداشت کرنی پڑی ہے کیونکہ ومبلڈن 2011ء میں ایسا نتیجہ دیکھا گیا تھا۔