نڈال کی فیڈرر کو شکست دے کر فائنل میں رسائی

ملبورن 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) رافل نڈال نے راجر فیڈرر کے خلاف اپنے غلبہ کو برقرار رکھتے ہوئے یہاں آسٹریلین اوپن 2014 ء کے سیمی فائنل میں اپنے حریف کھلاڑی کو 7-6(4) ، 6-3,6-3 سے شکست دیتے ہوئے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ نڈال کا 14 ویں گرانڈ سلام خطاب کے لئے اتوار کو سوئٹزرلینڈ کے ایک اور کھلاڑی اسٹانسلس واؤرنکا سے مقابلہ ہوگا۔ نڈال ایسے پہلے کھلاڑی ہونے کی سمت گامزن ہیں جس نے دو مرتبہ چاروں گرانڈ سلام خطابات حاصل کئے ہوں۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا اپنے کرئیر کے تیسرے مکسڈ ڈبلز خطاب سے صرف ایک کامیابی دور ہے جیسا کہ وہ آج اپنی رومانیہ کے ساتھی کھلاڑی ہوریا ٹکاؤ کے ہمراہ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

ثانیہ جوڑی نے آسٹریلیائی مقامی جوڑی جرمیلا گاڈجوسوا اور میتھوایبڈن کو ایک سخت مقابلہ کے بعد 2-6 ، 6-3 ، 10-2 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ثانیہ جوڑی کا مقابلہ فرانس کی ملاڈینوک اور کینیڈا کے ڈینیل نسٹر سے ہوگا جنھوں نے چینی کھلاڑی جانگ ژنگ اور امریکی ٹینس اسٹار لیپسکی کو راست سیٹوں میں 6-3 ، 6-1 سے شکست دی۔ ثانیہ جوڑی نے ایک گھنٹہ اور 13 منٹوں پر مشتمل اس سخت مقابلے میں شاندار مظاہرہ کیا۔ چونکہ پہلے سیٹ میں ناکامی اور پھر دوسرے سیٹ پر کامیابی کے بعد مقابلہ فیصلہ کن سیٹ میں کسی بھی سمت جاسکتا تھا۔ پہلے سیٹ میں ثانیہ جوڑی کا مظاہرہ انتہائی مایوس کن رہا جہاں انھیں ایک بھی بریک نشان حاصل نہیں ہوا جبکہ حریف جوڑی نے صرف 28 منٹوں میں سیٹ اپنے نام کرتے ہوئے مقابلے میں سبقت بنالی تھی۔