نڈال کی سونی اوپن میں پیشقدمی

میامی ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عالی نمبر ایک ٹینس اسٹار رافل نڈال اور تیز سرویس کیلئے مشہور کینیڈا کے کھلاڑی نیلوس راونک کو سونی اوپن کے مقابلوں میں کوئی خاص جدوجہد کرنی نہیں پڑی اور آسان فتوحات کے ذریعہ ان کھلاڑیوں نے ٹورنمنٹ میں پیشقدمی کرلی ہے۔ نڈال نے ازبکستان کے ڈینس اسٹومن کو 6-1 ، 6-0 سے شکست دی جبکہ عالمی درجہ بندی میں بارہویں مقام پر فائز روانک نے 10 ایسیس اور 56 منٹ کے مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے اسپینی کھلاڑی گولیرمو گارشیالوپیز کو 6-1 ، 6-2 سے شکست دی۔ تین مرتبہ یہاں فائنل میں شکست برداشت کرنے والے نڈال کا آئندہ مرحلہ میں مقابلہ فیبیو فوگنینی سے ہوگا جنہوں نے سخت مقابلہ کے بعد اسپین کے روبیریٹو باوٹستا کو 4-6، 6-3 ، 6-3 سے شکست دیتے ہوئے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کی ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم پر جرمانہ
چٹگانگ ۔ 25 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی پر 40 فیصد اور ان کے ساتھی کھلاڑیوں پر 20 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے کیونکہ جنوبی افریقی ٹیم کے کپتان اور کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کے مقابلہ میں مقررہ وقت پر کھیل ختم کرنے میں ناکام رہے۔ آئی سی سی کے میچ ریفری جواگل سریناتھ نے افریقی ٹیم پر یہ جرمانہ عائد کیا کیونکہ ٹیم مقررہ وقت میںدو اوورس کم پھینکے تھے۔