نڈال کو نویں فرنچ اوپن ٹائٹل کیلئے آج جوکووچ کا سامنا

پیرس ، 7 جون (سیاست ڈاٹ کام) سربیا کے نواک جوکووچ اور اسپین کے رفائل نڈال فرنچ اوپن گرانڈ سلام ٹینس ٹورنمنٹ کے فائنل میں کل یہاں مدمقابل ہوں گے۔ جمعہ کو رولینڈ گیروس میں کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سکنڈ سیڈ جوکووچ نے 18 ویں رینکنگ کے حامل لیٹویا کے ارنسٹ گلوس کو چار سٹوں میں شکست دی۔ میچ کا اسکور 6-3، 6-3، 3-6 اور 6-3 رہا۔ فائنل میں اُن کا مقابلہ کلے کورٹ کے بادشاہ کہے جانے والے اسپینی کھلاڑی نڈال سے ہو رہا ہے جنھوں نے دوسرے سیمی فائنل میں برطانیہ کے اینڈی مرے کو سیدھے سٹوں میں بری طرح ہرایا۔ ڈیفنڈنگ چمپئن نڈال نے یہ میچ 6-3، 6-2 اور 6-1 سے جیتا۔ نڈال نویں مرتبہ فرنچ اوپن کا فائنل کھیلیں گے۔ وہ ماضی میں آٹھ مرتبہ یہ ٹورنمنٹ جیت چکے ہیں یعنی رولینڈ گیروس میں انھوں نے ہر بار سنگلز فائنل جیتا اور یہ کارنامہ سرانجام دینے والے ٹینس کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی ہیں۔