نڈال کو شکست ‘ جوکووچ دوسری مرتبہ چمپئین

لندن 12نومبر (سیاست ڈاٹ کام )سربیائی ٹینس اسٹار نواک جوکووچ نے سیزن کے آخری ٹورنمنٹ اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں عالمی نمبر ایک اسپینی کھلاڑی رافل نڈال کو راست سیٹوں میں 6-3,6-4سے شکست دے کر متواتر دوسری مرتبہ خطاب اپنے نام کرلیا ہے ۔ جوکووچ کو خطاب کے دفاع کیلئے فائنل میںصرف ایک گھنٹہ 36 منٹ کی ہی جدوجہد کرنی پڑی جہاں انہوں نے اپنی دھن پر نڈال کو جیسے چاہا ویسے نچایا ۔ٹینس میں یہ 39 واں موقع تھا جب سیزن کے آخری ٹورنمنٹ میں سرفہرست دو کھلاڑیوں کے درمیان خطابی مقابلہ دیکھنے کو ملااور ان دونوں کھلاڑیوں کے درمیان مسابقتی مقابلے نے نڈال اور راجر فیڈرر کے درمیان ہونے والے مسابقتی مقابلوں کو ماضی کا حصہ بنادیا ۔ نڈال جو کہ یو ایس اوپن اور فرنچ اوپن کے علاوہ 10 دیگر خطابات حاصل کرتے ہوئے جوکووچ سے درجہ بندی میں پہلا مقام حاصل کرلیا ہے لیکن جوکووچ نے سیزن کے آخری ٹورنمنٹ میں نڈال کو شکست دے کر انہیں اس اہم ٹرافی سے مزید ایک سیزن محروم کردیا ہے ۔ فائنل میں جوکووچ کے شاندار مظاہرے نے میچ کو ایک طرف کردیا حالانکہ مقابلے کے دوران نڈال نے واپسی کی کوشش ضرور کی تاہم ناقص سروس نے نڈال کو کامیابی سے محروم رکھا ۔
سچن کے 200 ویں ٹسٹ کی ٹکٹیں 15 گھنٹوں میں فروخت
ممبئی 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) سچن تنڈولکر جو کہ ممبئی میں اپنے کیرئیر کا 200 واں اور آخری ٹسٹ 14 نومبرکو شروع کریں گے لیکن آن لائن پر اس مقابلے کی دستیاب تمام ٹکٹیں صرف 15 گھنٹوں میں فروخت ہوگئیں۔ kyazoonga.comجو کہ سچن تنڈولکر کے 200ویں ٹسٹ کی ٹکٹیں فروخت کرنے کے حقوق حاصل کیا ہے لیکن گذشتہ روز ٹکٹوں کی مانگ کی وجہ سے صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس ویب سائٹ کا رُخ کیا تھا جس کی وجہ سے یہ غیر کارکردہوگیا تھا لیکن آج صرف 15 گھنٹوں میں تمام ٹکٹیں فروخت ہوگئی ۔ مذکورہ ویب سائٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے بموجب ہند ۔ ویسٹ انڈیز دوسرے ٹسٹ کیلئے اسے جو ٹکٹیں دی گئی تھی وہ صرف 15 گھنٹوں میں فروخت ہوگئی ۔ دریں اثناء ممبئی کرکٹ اسو سی ایشن (ایم سی اے )نے فیصلہ کیا تھا کہ عام شائقین کیلئے 5 ہزار ٹکٹیں آن لائن کے ذریعہ فروخت کی جائیں ۔