نڈال ومبلڈن کے دوسرے راؤنڈ میں ہی باہر

لندن۔ 3 جولائی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سال کے سب سے بڑے ٹینس مقابلے ومبلڈن اوپن کے دوسرے ہی راؤنڈ میں بڑا اپ سیٹ ہوا ہے جہاں دو دفعہ کے چیمپیئن رافیل نڈال عالمی رینکنگ میں 102 نمبر پر موجود کوالیفائر کھلاڑی ڈسٹن براؤن سے ہار گئے۔ نڈال کو میچ کے شروع سے ہی جمیکن نژاد جرمن کھلاڑی کی جانب سے شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن شائقین کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب براؤن نے پہلا سٹ 7-5 سے اپنے نام کر لیا۔ نڈال نے اگلے سٹ میں قدرے بہتر کھیل پیش کیا اور 6-3سے اپنے حریف کو زیر کر لیا لیکن اس کے بعد ان کیلئے میچ میں کچھ نہ تھا۔ جرمن کھلاڑی نے اپنی شاندار سروس اور کھیل کی بدولت میچ پر کنٹرول برقرار رکھا اور تیسرے اور چوتھے سٹ میں 6-4اور 6-4 سے کامیابی سمیٹ کر ہسپانوی اسٹار کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ایونٹ سے باہر کردیا۔ یہ پہلا موقع ہے کہ نڈال گرانڈ سلام مقابلے میں کسی کوالیفائر کے ہاتھوں ہارے جبکہ ومبلڈن میں لگا تار چوتھے سال ایسا ہوا ہے کہ نڈال کو ابتدائی راؤنڈز میں 100 یا کم رینک کھلاڑی نے شکست دی ہو۔شکست کے بعد نڈال نے کہا : ’’میں اس درجے تک واپس آنے کیلئے محنت کرتا رہوں گا لیکن اگر یہ ممکن نہیں ہوتا تو میں نے یہاں پانچ فائنل کھیلے ہیں اور دو بار ٹرافی واپس وطن لے کر گیا ہوں اور یہ برا نہیں ہے ۔ یہ اختتام نہیں ہے، یہ میرے لیے افسوس کا لمحہ ہے لیکن زندگی ختم نہیں ہوئی ہے

اور نہ ہی میرا کھیل، اور مجھے اس صورتحال کو تبدیل کرنے کیلئے پہلے سے زیادہ محنت کرنی ہو گی‘‘۔‘‘ ۔ڈسٹن براؤن جنھوں نے 2010 میں جرمن شہریت اختیار کی تھی ۔ انھوں نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ: ’’آپ کو اس ( رافیل) کے خلاف اے کلاس گیم کھیلنا ہوتی ہے، میں خوش قسمت ہوں کہ میں دونوں بار ان سے گھاس پر کھیلا اور کسی دوسرے کورٹ میں ان سے نہیں کھیلنا چاہوں گا، میرے کھیل کی وجہ سے وہ اپنی گیم نہیں کھیل سکے اور وہ اپنے ردھم میں نہیں آ سکے۔‘ڈسٹن براؤن کا مقابلہ اب اتوار کوعالمی نمبر 22 وکٹر ٹروچکی سے ہو گا۔ اس سے قبل سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر، اینڈی مرے اور خواتین کی دفاعی چیمپیئن پیٹرا کیویٹوا نے دوسرے راؤنڈ میں فتح حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ فیڈرر نے امریکا کے سیم کیوری کو سیدھے سٹوں میں 6-4، 6-4 اور 6-2 سے شکست دی ۔ ایک اور اہم میچ میں برطانوی اینڈی مرے نے نیدرلینڈ کے ٹامی ہاس کو6-1، 6-1، اور 6-4 سے زیر کیا۔ خواتین کے سنگلز میچ میں جمہوریہ چیک سے تعلق رکھنے والی ومبلڈن کی دفاعی چیمپیئن پیٹرا کیویٹوا نے جاپان کی نارا کیخلاف 6-2 اور 6-0 سے کامیابی حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کر لیا۔