نڈال اور شاراپوا کو حیران کن شکست، فیڈرر کی پیشقدمی

انڈین ویلس ۔ 11 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دفاعی چمپیئن اور عالمی نمبر ایک اسپینی ٹینس اسٹار رافل نڈال کو یہاں انڈین ویلس اے ٹی پی ماسٹرس کے ہارڈ کورٹ کے تیسرے راونڈ میں حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ ڈبلیو ٹی اے زمرہ میں روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا کو بھی حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی۔ نڈال جو گذشتہ 8 برسوں سے یہاں سیمی فائنل یا اس سے بہتر مظاہرہ کررہے تھے، انہیں یوکرین کے عالمی درجہ بندی میں 31 ویں مقام پر فائز الیگزینڈر ڈولگو پولو کے خلاف تین سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں 6-3 ، 3-6، 7-6(7-5) کی شکست برداشت کرنی پڑی۔ الیگزینڈر کی نڈال کے خلاف کیریئر میں یہ پہلی کامیابی ہے حالانکہ نڈال نے گذشتہ ہفتہ کلے کورٹ کے ٹورنمنٹ ریوڈی جنیرو کے فائنل میں الیگزینڈر کو شکست دینے کے علاوہ گذشتہ 5 مقابلوں میں صد فیصد فتوحات کا ریکارڈ برقرار رکھا تھا۔

فیصلہ کن سیٹ میں اس وقت مزید دلچسپ کھیل دیکھنے کو ملا جب الیگزینڈر 5-3 پر کامیابی کیلئے سرویس کررہے تھے، لیکن یہاں دوہری غلطیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نڈال نے سیٹ میں واپسی کی کوشش کی اور مقابلہ کو ٹائی بریکر میں پہنچایا۔ خاتون زمرہ میں حیران کن شکست شاراپوا کو بھی برداشت کرنی پڑی، انہیں اطالوی کوالیفائر کھلاڑی کیمیلا جیوارجی نے ایک سخت مقابلہ کے بعد 6-3 ، 4-6، 7-5 سے شکست دی۔ روسی ٹینس اسٹار جو فی الحال عالمی درجہ بندی میں پانچویں مقام پر فائز ہے انہیں 58 ازخود غلطیوں کا خمیازہ بھگتنا پڑا۔ شکست کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے شاراپوا نے کہا کہ میرا مظاہرہ بہتر نہیں تھا

جبکہ حریف کھلاڑی نے جارحانہ کھیل کے علاوہ چند غیرمعمولی اسٹروکس بھی کھیلے ہیں۔ دوسری جانب نڈال بھی شکست کے بعد اپنے مظاہروں سے مطمئن نہیں تھے اور کہا کہ وہ اس ناقص مظاہرہ کی وجہ سے کافی مایوس ہیں لیکن یہ کوئی ڈرامہ نہیں بلکہ شکست ہے جسے میں تسلیم کرتا ہوں۔ جن دیگر اہم کھلاڑیوں کو شکست برداشت کرنی پڑی ان میں سابق یو ایس اوپن چمپیئن سمنتھا اسٹوسر کو اطالوی ٹینس اسٹار فلاویا پینیٹا کے خلاف 6-4 ، 3-6 ، 6-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی جبکہ سابق فرنچ اوپن چمپیئن ایناایوانووچ کو امریکہ کی ابھرتی کھلاڑی سلوئن اسٹفہنس کے خلاف راست سیٹوں میں 7-6(7-3) ، 6-4 کی شکست برداشت کرنی پڑی۔

فاتح کھلاڑیوں میں چیک جمہوریہ کی پیٹرا کیویٹووا اور ڈومینیکا سیبول کووا شامل ہیں۔ کیویٹووا نے سابق فرنچ اوپن چمپیئن سویتلانا کوزنیٹسووا کو 6-3، 2-6، 6-0 سے جبکہ سیبول کووا نے روسی ٹینس اسٹار ایکترینہ ماکارووا کو 6-4 ، 7-5 سے شکست دی۔ 2014ء میں شاندار مظاہرے کررہے گرانڈ سلام عالمی ریکارڈ یافتہ راجر فیڈرر نے روسی ٹینس اسٹار دیمتری ٹرسونو کو راست سیٹوں میں 7-6(9-7)، 7-6(7-2) سے شکست دی۔ فیڈرر کا کوارٹر فائنل میں آسٹریلین اوپن چمپیئن واورنکا سے مقابلہ متوقع ہے، جنہوں نے اینڈرس سیپی کو 6-0 ، 6-2 سے شکست دیتے ہوئے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کی ہے۔ اینڈی مرے نے سخت مقابلہ کے بعد ویسلی کو 6-7(2-7)، 6-4 ، 6-4 سے شکست دیتے ہوئے چوتھے راونڈ میں رسائی حاصل کی ہے۔