نڈال اورہالیپ نے راجرزکپ جیت لئے

ٹورنٹو۔13 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے راجرزکپ کے فائنل میں یونان کے اسٹیفانوس کی فتوحات پر روک لگا دی اور خطاب اپنے نام کرلیا، نڈال نے راست سٹوں میں نوجوان حریف کو شکست دے کر چوتھی مرتبہ خطاب اپنے نام کر لیا۔راجرز کپ کے فائنل میں عالمی نمبر ایک نڈال نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیااور اپنے یونانی حریف سٹیفانوس کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ نڈال نے پہلے سٹ میں باآسانی 6-2 سے فتح حاصل کی۔یونانی کھلاڑی نے دوسرے سٹ میں کچھ مزاحمت دکھائی تاہم نڈال نے تجربے کا فائدہ اٹھا کرسخت مقابلے کے بعد 7-6 سے کامیابی سمیٹ لی۔اس شاندارکامیابی کے بعد نڈال نے آئندہ ٹورنمنٹ سنسناتی سے دستبرداری اختیارکی ہے تاکہ یوایس اوپن سے پہلے تازہ دم ہوسکے۔نڈال نے گزشہ برس یوایس اوپن خطاب حاصل کیا ہے ۔دریں اثناء راجرز کپ ٹینس ٹورنمنٹ کے ویمنز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں عالمی نمبر ایک رومانیہ کی سیمونا ہالیپ نے امریکہ کی سلونی اسٹیفنزکو شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔سیمونا ہالیپ کی کامیابی کا اسکور 7۔6،3۔6 اور6۔4 رہا۔