میڈرڈ ۔2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) اسپینی ٹینس اسٹار اور 14 مرتبہ کے گرانڈ سلام چیمپئن رافل نڈال ریو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں انکے ملک کے دستے کی قیادت کریں گے۔ اولمپک گیمز پانچ اگست کو برازیل میں شروع ہوں گے جن میں 160 سے زائد ممالک سے آٹھ ہزار ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔ نڈال نے کہا کہ افتتاحی تقریب میں اپنے ملک کا پرچم تھامنے کیلئے منتخب ہونا باعث فخر ہے ۔ میگا ایونٹ میں کوشش ہو گی کہ غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے ملک کیلئے گولڈ میڈل اپنے نام کروں۔ نڈال نے بیجنگ اولمپکس میں گولڈ میڈل اپنے نام کیا تھا۔
سنجیو کمار کا ایرفورس میٹ میں
نیا ریکارڈ
حیدرآباد 2 جولائی (سیاست نیوز) ٹریننگ کمانڈ کے سنجیو کمار نے آج ایرفورس میٹ کے 800 میٹر فری اسٹائیل ایونٹ میں نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ 27 جون تا یکم جولائی ایرفورس اکیڈیمی میں منعقد شدنی ایرفورس میٹ کے 65 ویں ایر فورس ایکواٹک چمپئن شپ میں سنجیو کمار نے 9:59.23 منٹ میں 800 میٹر کا فاصلہ طے کرتے ہوئے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ جیسا کہ پانچ برس قبل جو ریکارڈ قائم کیا گیا تھا اُس کا وقت 10:22.47 تھا۔ مذکورہ ایونٹ میں جملہ 7ٹیموں نے ہر کمانڈ کی نمائندگی کی اور رنگارنگ تقریب کے ساتھ اس کا اختتام عمل میں آیا۔