اسپینی اسٹار اور سوئس لیجنڈ فیڈرر کے درمیان ایک اور فائنل کی امیدیں برقرار ۔ سرینا کا بھی بڑی بہن وینس سے خطابی مقابلہ ممکن
ملبورن ، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) رفائل نڈال نے عالمی نمبر تین میلوس راؤنک کے مقابل سیدھے سٹوں کی ٹھوس کامیابی کے ذریعے چہارشنبہ کو آسٹریلین اوپن میں سیمی فائنلز تک پیش رفت کرلی ہے۔ 14 مرتبہ کے گرانڈ چمپئن اپنے کناڈا کے حریف کیلئے بہت مشکل کھلاڑی ثابت ہوئے اور دو گھنٹے 44 منٹ میں 6-4، 7-6(9/7)، 6-4 سے جیتے۔ 30 سالہ اسپینی اسٹار بلغاریہ کے 15 ویں سیڈ گریگور دِمتروف سے جمعہ کا سیمی فائنل کھیلیں گے۔ انھیں باہمی ٹریک ریکارڈ میں دمتروف کے مقابل 7-1 کی سبقت حاصل ہے۔ مینس سنگلز کا پہلا سیمی فائنل روجر فیڈرر اور اسٹان واورِنکا کے درمیان ہو گا۔ اُدھر ویمن سنگلز سیمی فائنلز لائن اپ بھی طے ہوگئی ہے جہاں سرینا ولیمز کا کروشیا کی لیوسک بارونی اور وینس ولیمز کا ہم وطن وینڈی ویگھے سے مقابلہ مقرر ہوا ہے۔ امریکی اسٹار سرینا آج برطانیہ کی یوہانا کونٹا کو شکست دے کر آخری چار کے مرحلے میں پہنچ گئیں۔ کوارٹر فائنل میچ میں سرینا بھرپور فام میں دکھائیں دیں اور اُبھرتی اسٹار کونٹا کو با آسانی 6-2، 6-4 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ سرینا اور وینس اپنے سیمی فائنل مقابلے جیت جائیں تو عرصے بعد شائقین کو ولیمز بہنوں کے درمیان گرانڈ سلام ٹائٹل کیلئے مسابقت دیکھنے میں آئے گی۔ سرینا کے مقابل شکست کے ساتھ ہی کونٹا کا لگاتار نو میچوں سے ناقابل شکست ہونے کا تسلسل ختم ہو گیا اور وہ ایونٹ کے سیمی فائنل راؤنڈ سے قبل باہر ہو گئیں۔ سیمی فائنل میں سرینا کا سامنا 34 سالہ لوسک برونی سے ہو گا جہاں دونوں کھلاڑی 1998ء کے بعد 19 سال میں پہلی مرتبہ ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔ 22 گرانڈ سلام ٹائٹل جیتنے والی سرینا ایک اور ٹائٹل جیت کر اسٹیفی گراف کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 23 خطابات کے ساتھ فہرست میں دوسرے نمبر پر آسکتی ہیں۔ ادھر مردوں کے زمرے میں بلغاریہ کے دمتروف نے ڈیوڈ گوفن کو شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ دمتروو نے گوفن کو باآسانی سیدھے سٹوں میں 6-2، 6-3، 6-4 سے زیر کر کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی جہاں انھیںنڈال کا سامنا کرنا ہے۔
٭ ثانیہ مرزا اور کروشیائی پارٹنر ائیوان دودیگ نے ٹینس میچ میں زبردست واپسی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے چہارشنبہ کو آسٹریلین اوپن مکسڈ ڈبلز سیمی فائنلز میں پہنچ گئے۔ روہن بوپنا اور کناڈا کی گیبرئیلا ڈابروسکی 4-6، 6-3، 10-12 سے ہارے، جنھوں نے ایک دو نہیں چار میچ پوائنٹس ضائع کئے۔