نڈال، فیڈرر اور جوکووچ کی پیشقدمی، مرے کو شکست

انڈین ویلس ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) نواک جوکووچ نے اپنے چھٹے اے ٹی پی انڈین ویلس ماسٹر خطاب کی کامیاب مہم کا آغاز  کردیا ہے جیسا کہ انہوں نے کیلیفورنیا میں کھیلے جارہے ٹورنمنٹ کے مقابلہ میں جوکووچ نے حریف کائل ایڈمونڈ کو 6-4,7-6(7-5) سے شکست دی لیکن تیسرے مرحلہ کے مقابلہ میں ان کا سامنا سابق یو ایس اوپن چمپیئن یان مارٹن ڈیل پوٹرو سے ہوگا جنہوں نے اپنے ہم وطن پیڈریکو ڈیلبونس کو 7-6(7-5),6-3 سے شکست دی۔ جوکووچ اور ڈیل پوٹرو کے درمیان ایک اور دلچسپ مقابلہ متوقع ہے کیونکہ ریوو اولمپک کے پہلے ہی مرحلہ کے مقابلہ میں ڈیل پوٹرو نے جوکووچ کو شکست دی تھی جبکہ لندن اولمپک میں بھی برونز میڈل کے لئے کھیلے گئے مقابلہ میں بھی ڈیل پوٹرو ہی فاتح رہے تھے۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 16 مقابلے ہوئے ہیں جس میں 12 فتوحات کے ساتھ جوکووچ کا پلڑا بھاری ضرور ہے لیکن حالیہ عرصہ میں جوکووچ کا فام تنزلی کا شکار ہے اور ڈیل پوٹرو کے خلاف بھی انہیں ناکامیاں برداشت کرنی پڑی ہیں ۔ علاوہ ازیں آسٹریلین اوپن چمپیئن راجر فیڈرر اور رافل نڈال نے بھی تیسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے جیسا کہ فیڈرر نے باآسانی اپنے حریف فرانس کے اسٹیفن روبوٹ کو صرف 51 منٹوں میں 6-2,6-1 سے شکست دی جبکہ نڈال نے بھی اپنی مہم کا بہتر آغاز کرتے ہوئے ارجنٹینا کے گوئیڈو پیلا کو 6-3,6-2 سے شکست دی۔ دریں اثناء عالمی نمبر ایک اینڈ مرے کو یہاں بھی حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی جیسا کہ دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میں ہی انہیں عالمی درجہ بندی میں 129 ویں مقام پر فائز کینیڈا کے کوالیفائر کھلاڑی واسک پوسپیسیل کے خلاف حیران کن شکست برداشت کرنی پڑی۔ مرے کو آسٹریلین اوپن میں بھی جلد ہی باہر ہونا پڑا تھا۔