نڈال،جوکووچ اور شاراپوا کی پیشقدمی،بوچارڈ کوشکست

مونٹریال۔9 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) تماشائیوں کی زبردست حوصلہ افزائی کے باجود میزبان ملک کی ٹینس اسٹار یوجینی بوشارڈ راجرز کپ ٹینس ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلے میں ہی شکست کھاگئیں۔ انہیں بیلجئم کی الیس مرٹنز نے راست سٹوں میں 6-2،6-4 سے شکست دی۔ روس کی ماریا شاراوا نے ہم وطن داریا کاستکینا کو کسی مشکل کے بغیر باآسانی 6-0 ،6-2 سے شکست دی۔ خواتین سنگلز کے دیگر میچز میں برطانیہ کی یوہانا کونٹا نے لٹویا کی یلینا آسٹاپنکو، بیلاروس کی وکٹوریا آزارنکا نے فرنچ حریف کرسٹنیا ملادینووچ جبکہ فرانس کی الیزی کارنیٹ نے جرمن اینجلک کربر کو مات دی۔ مینز سنگلز میں عالمی نمبر ایک رافل نڈال نے بینٹ پیرا کو راست سٹوں میں 6-2 ،6-3 سے شکست دی ۔سربیائی اسٹار اورسابق عالمی نمبر ایک نواک جوکووچ نے بوسنیا کے مرزا باسک کو 6-3 ،7-6(7-3) سے شکست دی جبکہ اسٹیناسلس واورینکا نے آسٹریلیائی کھلاڑی نک کیریاس کو سخت مقابلے کے بعد تین سٹوں میں شکست دی۔ دیگر مقابلوں میںمیلوس راونک نے ڈیوڈ گوفن، ہالینڈ کے روبن ہاس نے جاپان کے کائی نیشکوری جبکہ مارین سلچ نے بورنا کورک اور گریگور دمتروف نے فرنانڈوورڈاسکو کوشکست دی۔