نئی دہلی ۔ /31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج سابق وزیر خارجہ نٹور سنگھ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے سونیا گاندھی کے مسئلہ پر اپنے ریمارک میں حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا ہے ۔ 2004 ء میں وزیراعظم کا عہدہ حاصل کرنے سے متعلق سونیا گاندھی کے انکار کو انہوں نے غلط ڈھنگ سے پیش کیا ۔ گاندھی خاندان کے وفادار سمجھے جانے والے نٹورسنگھ نے حال ہی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ راہول گاندھی نے ہی سونیا گاندھی کو وزیراعظم بننے سے روک دیا تھا ۔ نٹور سنگھ کے فرزند راجستھان سے بی جے پی کے رکن اسمبلی ہیں۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشیک سنگھوی نے کہا کہ نٹورسنگھ کے بیانات غلط ہیں ۔ اس طرح کی سنسنی پھیلانے ہوئے وہ اپنی کتاب کو جاری کرنا چاہتے ہیں جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا کانگریس نٹورسنگھ کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرے گی ۔ سنگھوی نے کہا کہ آگے کیا ہوتا دیکھتے ہیں ۔
میں خود اپنی کتاب تصنیف کروں گی : سونیا گاندھی
نئی دہلی ۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیرخارجہ نٹور سنگھ کے اپنے سونیا گاندھی کے بارے میں تبصروں سے تنازعہ پیدا کرنے کے بعد صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا کہ وہ خود اپنی کتاب تصنیف کریں گی جس میں ’’صداقت‘‘ بے نقاب کی جائے گی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ اس کے بعد آپ کو ہر بات معلوم ہوجائے گی۔ سچائی کے انکشاف کا یہی ایک طریقہ ہے کہ وہ خود اپنی کتاب تصنیف کریں۔ انہوں نے کہاکہ وہ اس بارے میں سنجیدہ ہیں اور بہت جلد کتاب تحریر کرنا شروع کریں گی۔ اس سوال پر کہ نٹور سنگھ کی خودنوشت سوانح عمری میں ایک تنازعہ پیدا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ 2004ء میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کی وجوہات اپنی کتاب میں تفصیل سے بیان کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نٹور سنگھ کے تبصرہ سے ٹھیکس نہیں پہنچی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سے بد تر سانحوں کا سامنا کرچکی ہی۔ ان کے شوہر اور ساس راجیو گاندھی اور اندرا گاندھی کا قتل کردیا گیا تھا۔ اس سانحہ کو بھی انہیں برداشت کرنا پڑا تھا۔ کانگریس نے کل نٹور سنگھ کے تبصرہ پر ان کی مذمت کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ان کے تبصروں کا مقصد اپنی نئی کتاب کو شہرت دینا اور اس کی فروخت میں اضافہ کرنا تھا جو سیاسی مفادات حاصل کرنے مقصد سے تصنیف کی گئی ہے۔ اس دوران نٹور سنگھ کی سوانح حیات پر سیاسی ہنگامہ آرائی آج بھی جاری رہی ۔ 83 سالہ نٹور سنگھ گاندھی خاندان کے قریبی دوست رہ چکے ہیں اور انہوں نے 2005 میں عراقی غذاء برائے تیل اسکام کے بعد یو پی اے I حکومت سے اور 2008 میں کانگریس سے استعفی دیدیا تھا۔