نوی ممبئی میں این سی پی ۔ کانگریس اتحاد

ممبئی ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے آج 111 رکنی نوی ممبئی میونسپل کارپوریشن میں مابعد انتخابات کانگریس کے ساتھ مفاہمت کا اعلان کیا ہے ۔ حال ہی میں منعقدہ انتخابات میں این سی پی نے 52 اور کانگریس نے 10 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ جب کہ شہری ادارہ میں سادہ اکثریت کے لیے 56 ارکان درکا ہوتے ہیں ۔ پارٹی صدر سنیل تتکرے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ این سی پی لیڈر گنیش نائیک نے ہم خیال جماعتوں سے مفاہمت کی اپیل کی تھی ۔ ان کی اپیل کو قبول کرلیا گیا ہے ۔ مفاہمت کے مطابق 5 سالہ میعاد کے لیے این سی پی کے امیدوار مئیر اور اسٹانڈنگ کمیٹی کے صدر نشین ہوں گے جب کہ ڈپٹی مئیر کا عہدہ کانگریس کو دیا جائے گا اور دیگر کمیٹیوں میں کانگریس کو بھر پور نمائندگی دی جائے گی ۔ کانگریس کے ساتھ مفاہمت کے بعد 111 رکنی میونسپل کارپوریشن میں این سی پی کو 62 ارکان کی واضح اکثریت حاصل ہوجائے گی ۔ دیگر پارٹیوں میں شیوسینا کے 37، بی جے پی کے 6 اور آزاد 5 شامل ہیں ۔ اگرچیکہ کانگریس اور این سی پی نے نو ممبئی اور اورنگ آباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں علحدہ علحدہ مقابلہ کیا تھا لیکن باندرہ ایسٹ ، تسگاؤں ، اور مکھیڑ اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ایکدوسرے کی تائید کی تھی ۔