نوین پٹنائک کے خلاف سیاہ جھنڈیوں سے مظاہرہ

بھوبنیشور 19 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر اوڈیشہ مسٹر نوین پٹنائک کے خلاف آج یوتھ کانگریس کارکنوں نے سچیوالیہ مارگ پر سیاہ جھنڈیوں سے مظاہرہ کیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسٹر پٹنائک بی جے ڈی رکن پارلیمنٹ پرسنا پٹسانی کے ساتھ طلبا یونین کی سالانہ تقریب میں شرکت کرنے جا رہے تھے جو اتکل یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوئی تھی ۔ حالانکہ لب سڑک کچھ سکیوریٹی اہلکار بھی موجود تھے تاہم کارکنوں نے پٹنائک کے خلاف نعرے لگائے ۔ وہ چیف منسٹر کی گاڑی کے قریب پہونچ گئے تھے اور انہوں نے سیاہ جھنڈیاں دکھائیں۔ انہوں نے انڈے پھینکنے کی کوشش بھی کی تاہم سکیوریٹی عملہ نے انہیں وہاں سے فوری دور کردیا ۔ مسٹر پٹنائک کو جلدی ہی وہاں سے آگے منتقل کردیا گیا اور ان کی گاڑی کو بھی کوئی نقصان نہیں ہوا ۔ پولیس نے یہ بات بتائی اور کہا کہ اس واقعہ میں کسی کو بھی گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔ بی جے ڈی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے کہا کہ وہ چیف منسٹر کی جانب سے اڑیہ زبان میں پڑھنے اور بولنے کی عدم صلاحیت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں حالانکہ وہ گذشتہ پندرہ سال سے ریاست کے چیف منسٹر ہیں۔ انہوں نے مسٹر پٹنائک کے خلاف بھی نعیر لگائے اور ادعا کیا کہ پٹنائک حکومت اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام رہی ہے اور نوجوانوں کو ریاست میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہا کہ ہم اس واقعہ کا جائزہ لے رہے ہیں اور تفصیلات جاننے کے بعد ہی قانون کے مطابق کارروائی کی جائیگی ۔