نوین پٹنائک پانچویں مرتبہ اڈیشہ کے وزیراعلی بنے ،مودی نے مبارکباد دی

بھونیشور۔ 29 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بیجو جنتا دل(بی جے ڈی)کے سربراہ نوین پٹنائک نے بدھ کو یہاں ایگزیبیشن گراؤنڈ میں مسلسل پانچویں مرتبہ اڈیشہ کے وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے اڈیشہ کی سیاسی تاریخ میں ایک ریکارڈ بنا لیا ہے ۔ گورنر پروفیسر گنیشی لال نے ایک خصوصی تقریب میں نوین پٹنائک کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔حلف دلانے کی یہ تقریب پہلی بار راج بھون سے باہر آئی ڈی سی او ایل ایگزیبیشن گراؤنڈ میں منعقد کی گئی۔ نوین پٹنائک کے وزیراعلی کا حلف لینے کے بعد حکومت کے 11وزرائے کابینہ اور نو ریاستی وزرا نے بھی حلف لیا۔ وزیراعظم نریندرمودی نے اڈیشہ کے وزیراعلی کے طوپر پانچویں مرتبہ حلف لینے والے نوین پٹنائک کو مبارکباد دی۔ نریندر مودی نے ٹویٹ میں لکھا،‘‘نوین پٹنائک جی کو اڈیشہ کے وزیراعلی کے طورپر حلف لینے پر مبارکباد۔لوگوں کی امیدوں کو پورا کرنے میں انہیں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد۔میں اڈیشہ کی ترقی کے لئے مرکزسے پورا تعاون دینے کی یقین دہانی کرتا ہوں ۔’’یہاں ایگزبیشن گراؤنڈ میں حلف برداری کی تقریب کے دوران مشہور مصنفہ اور نوین پٹنائک کی بہن گیتا مہتا بھی موجود رہیں۔ نوین پٹنائک کے ساتھ ان کے 20وزیروں نے بھی حلف لیا۔انہوں نے اڈیشہ میں مسلسل پانچویں مرتبہ وزیراعلی بنے رہنے کا ریکارڈ بنایا ہے ۔

اس کے ساتھ ہی ریاست کے نو وزرا نے آج حلف لیا جس میں سے آٹھ نئے چہرے ہیں جبکہ گزشتہ حکومت کا ایک وزیر اس میں شامل ہے۔ نوین پٹنائک اور وزیرکابینہ گنیش پرتاپ سوائیں نے انگریزی میں حلف لیا،وزیر کابینہ سداما مرانڈی نے سنتھالی زبان میں حلف لیا اور باقی وزیروں نے اڈیا زبان میں حلف لیاتھا۔ نوین پٹنائک نے حلف برداری کی تقریب میں نریندر مودی،اڈیشہ کے سبھی ارکان پارلیمنٹ،سبھی ارکان اسمبلی کے علاوہ دیگر پارٹیوں کے سینئر لیڈروں اور صنعت کاروں کو مدعو کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ بیجو جنتا دل دو تہائی اکثریت کے ساتھ مسلسل پانچویں مرتبہ الیکشن جیتی ہے ۔بی جے ڈی نے اڈیشہ کی 146اسمبلی سیٹوں میں سے 112 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے ۔اڈیشہ میں 147اسمبلی سیٹیں ہیں لیکن ایک امیدوار کی موت ہونے اور بعد میں گردابی طوفان فانی آنے کی وجہ سے کیندرپاڑا ضلع کی پاٹ کرا اسمبلی سیٹ پر الیکشن ٹال دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی 11وزرائے کابینہ نے بھی آج حلف لیا تھا۔
جن میں مسٹر وکرم کیشر اروکھ،مستر پرفل کمار ملک،مسٹر نرنجن پجاری،مسٹر پرتاپ کمار جینا گزشتہ حکومت میں بھی وزیر کابینہ تھے ۔مسٹر ارون کمار ساہو جنہیں گزشتہ دنوں وزیر کابینہ کے عہدے سے ہٹا یا گیا تھا،انہیں کابینہ میں واپس رکھاگیا ہے ۔اسی طرح مسٹر پدمانو بیہیرا پٹنائک حکومت کے تیسرے دور اقتدار میں وزیر کابینہ بنے تھے ۔
مسٹر سداما مرانڈی نے اس سے پہلے وزیر مملکت کے طورپر کام کیا ہے اور اس بار انہیں کابینہ میں عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے ۔مسٹر سشانت سنگھ اس سے پہلے گزشتہ حکومت میں وزیر مملکت تھے اور انہیں بھی اس بار وزیر کابینہ بنایا گیا ہے ۔