نوہیرہ کا اسداویسی کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ

حیدرآباد 30 اکٹوبر (سیاست نیوز) نوہیرہ شیخ نے ایم آئی ایم کے حیدرآباد ایم پی اسدالدین اویسی کے خلاف ہتک عزت کی پاداش میں ہرجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے چیف سٹی جج کے روبرو ایک مقدمہ دائر کیا تھا اور بطور شرط اُنھوں نے 29 ستمبر 2017 ء کو عدالت میں ایک کروڑ روپئے کی فیس جمع کرائی تھی۔ ہیرا گولڈ کی ایم ڈی نے اویسی کے خلاف ہتک عزت کا دیوانی مقدمہ دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ایم پی نے اُن کے خلاف کئی بیانات دیئے جو ہتک آمیز ہیں۔ 6 نومبر 2017 ء کو عدالت میں اِس کیس کی سماعت شروع ہوئی اور اوائل ستمبر 2018 ء میں عدالت نے دونوں فریقوں کو اپنے روبرو حاضر ہونے کے لئے کہا۔ اویسی نے بھی اِس مقدمہ کے خلاف ایک عبوری درخواست داخل کی لیکن عدالت نے اُسے خارج کردیا اور پارلیمنٹرین کو ٹرائیل کا سامنا کرنے کی ہدایت دی۔ 14 اکٹوبر کو نوہیرہ کو سنٹرل کرائم اسٹیشن کے عہدیداروں نے سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے کے کیس میں گرفتار کیا تھا۔ حیدرآباد میں ضمانت ملنے کے بعد نوہیرہ کو ایسے ہی معاملے میں ممبئی لیجایا گیا۔